منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام محفل میلاد، بچے اور بچیوں کی شرکت

منہاج القرآن ویمن لیگ ایگرز کے زیراہتمام میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ضیافت میلاد اور نعتیہ محفل کا انعقاد کیا گیا۔ میلاد النبی ﷺ اور ضیافت میلاد کی اس منفرد تقریب کے میزبان 7 سال سے کم عمر کے بچے اور بچیاں تھیں۔ میلاد النبی ﷺ کی اس محفل کی مہمان خصوصی فضہ حسین قادری تھیں۔ صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی صاحبزادی سُکینہ حسین قادری نے خوبصورت انداز میں نعت بحضور سرور کونین ﷺ پیش کر کے بے پناہ داد وصول کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے بچیوں کو تحائف دئیے اور کامیاب تقریب کے انعقاد پر ویمن لیگ (ایگرز) کی جملہ عہدیداران کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ ایگرز کی ساری ٹیم کو شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، ولادت باسعادت کی خوشی منانے کا بہترین انداز میلاد پاک کی محافل کا انعقاد ہے، منہاج القرآن کو اللہ نے میلاد النبی ﷺ کی خوشیاں منانے اور گھر گھر محافل کے انعقاد کی توفیق بخشی اور آج یہ محافل پاکستان سمیت دنیا کے مسلم اور غیرمسلم ممالک میں شان و شوکت کے ساتھ منعقد کی جاتی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچوں، نوجوانوں، مرد و خواتین کے دلوں کو عشق مصطفی ﷺ کی شمعوں سے روشن کیا۔ بچوں کی محفل میلاد کے انعقاد کا ایک مقصد انہیں کم عمری میں ہی سیرت طیبہ کے گوشوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

محفل میں موجود بچیوں نے خوبصورت جھلمل کرتے رنگوں سے لکھے کلمہ طیبہ اور احادیث نبوی کے کارڈز، بینڈز اور روشن برقی لائٹس اٹھا رکھی تھیں۔ بچوں نے رنگ برنگے خوبصورت لباس، فینسی نگینوں سے آراستہ نعلین پاک کے بیجز لگا رکھے تھے۔ محفل پاک میں موجود بچیوں اور بچوں نے کلمہ طیبہ، آمد مصطفی مرحبا مرحبا، نعلین پاک کی شبیہ والے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ بچیاں پھولوں کے گجرے پہن کر اور درود و سلام پڑھ کر محبت رسول ﷺ کا اظہار کر رہی تھیں۔

ایگرز کے زیراہتمام ہونیوالی اس محفل میلاد میں سدرہ کرامت، ایمن یوسف، سعدیہ احمد، ڈاکٹر شاہدہ مغل، زینب ارشد، ڈاکٹر شازیہ بٹ، شاکرہ چوہدری و دیگر خواتین رہنماؤں نے شرکت کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کے فورم Eagers کے زیراہتمام بچوں کی محفل میلاد النبیﷺ و ضیافت

جھلکیاں محفل میلاد و ضیافت

محفل میلادالنبی ﷺ میں سات سال تک کی عمر کے سینکڑوں بچے اور بچیوں نے شرکت کی۔

محفل میلاد النبیﷺمیں موجود رنگ برنگے لباس پہنے بچوں نے دف پر درودوسلام پڑھاتو درودیوار رنگ ونور میں نہا گئے۔

اپنی نوعیت کی منفرد اور وجد انگیز محفل میں موجود چھوٹے چھوٹے بچوں اور بچیوں نے بارگاہ رسالت مآب ﷺمیں گلہائے عقیدت پیش کرکے سماں باندھ دیا۔

بچوں نے عظیم الشان محفل میلاد النبیﷺ سجا کر حضوراکرم ﷺ سے عشق، محبت اور وفا داری کا حق ادا کردیا۔

بچوں نے اسم محمدﷺوالے کتبے، رنگ برنگے غبارے اٹھارکھے تھے۔

چھوٹی چھوٹی معصوم بچیوں نے دف پر طلع البدر علینا پڑھا تو ہال آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے نعروں سے گونج اٹھا۔

شاندار محفل و ضیافت کے انعقاد پر مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ فرح ناز نے ایگرز کی ٹیم کو شاندار اور منفرد تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

تبصرہ