منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے ’’وائس‘‘ کے پلیٹ فارم سے ’’میرا ہنر میری کامیابی‘‘ فنی تربیت کورسز کا آغاز

معاشی مسائل کا شکار خواتین کو ہنر مند بنا کر پاؤں پر کھڑا کیا جائیگا: ثناء وحید

لاہور (2 مارچ 2019) منہاج القرآن ویمن لیگ ’’وائس‘‘کے پلیٹ فارم سے ’’میرا ہنر میری کامیابی‘‘ کے عنوان سے ملک بھر میں خواتین کو فنی تربیت دینے کے پروگرام کا 3 مارچ سے آغاز کررہی ہے، اس ضمن میں پہلا سلائی کورس لاہور گاؤں لدھیکے کاہنہ نو میں ہو گا، مختلف فنی کورسز 5مارچ سے 5 جون کے دوران منعقد ہونگے، جن کی رجسٹریشن 25 فروری سے شروع ہے۔

اس حوالے سے ’’وائس‘‘ کی سیکرٹری جنرل ثناء وحید نے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویمن امپاورمنٹ کیلئے تعلیم دینا اور ہنر دینا بہترین اقدامات ہیں، قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کی روشنی میں خواتین کو تعلیم بھی دی جارہی ہے اور اب انہیں ہنر مند بنانے کی مہم شروع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض ناخوشگوار واقعات اور حادثات کے باعث خواتین ناخواندہ ہونے کی وجہ سے معاشی اعتبار سے کسمپرسی کی زندگی بسر کرتی ہیں۔ ایسی خواتین کو معاشی اعتبار سے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے وائس نے ’’میرا ہنر میری کامیابی‘‘ کے نام سے ملک گیر پروگرام شروع کیا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ خواتین کو پاؤں پر کھڑا کیاجائے اور انہیں ایک پراعتماد، خوشحال اور محفوظ زندگی گزارنے کے قابل بنایا جائے تاکہ وہ خود بھی کسی کی دست نگر نہ ہوں اور اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت بھی بہتر انداز سے کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمند پروگرام اپنی مدد آپ کے تحت چلایا جارہا ہے۔

تبصرہ