انسان جس قدر مؤدب ہو جاتا ہے اسی قدر علم کی فہم و ادراک کے باعث قرب الہی حاصل کر لیتا ہے۔ شیخ الاسلام کا معتکفات سے خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شہر اعتکاف میں موجود مردوں کی طرح عورتوں کی بھی ہزار ہا تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی اعتکاف گاہ میں آنے کا مقصد انفرادی عبادات کے ساتھ ساتھ اللہ رب العزت کے ساتھ بھی رشتہ مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت تک پہنچنے کا راستہ اتباع صالحین، اتباع صحابہ اور اتباع سنت میں مضمر ہے۔ اتباع آپ علم سے حاصل کرسکتے ہیں اور یہ علم علم نافع اور قرب الہی کا باعث تب بنتا ہے جب بندہ ادب کو اپنی زندگی میں شامل کرلیتا ہے، وہ جس قدر مؤدب ہو جاتا ہے اسی قدر علم کی فہم و ادراک کے باعث وہ شخص قرب الہی حاصل کر لیتا ہے۔ لہذا دنیوی و اخروی کامیابی کا راز علم نافع اور ادب صالح میں جاگزیں ہے۔

مرکزی اعتکاف گاہ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام دس روزہ درس عرفان العقائد کا انعقاد بھی کیا گیا ہے جس میں 70 سے 80 ایم فل، پی ایچ ڈی سکالر معلمات کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں، جس کی ذمہ داری مرکزی ناظمہ دعوت و تربیت گلشن ارشاد سرانجام دے رہی ہیں۔ اس کا مقصد عوام الناس میں عقیدہ کی درستگی کے ساتھ ساتھ اس کی ضرورت و اہمیت کو بھی بارآور کرانا ہے کہ اس دور فتن میں عقائد کی کمزوری کے باعث معاشرہ انتشار کا شکار ہے حالانکہ اوائل دور میں آئمہ کا عقائد پر اختلاف نہ تھا۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عقائد کی مضبوط گرفت کر کے امت مسلمہ کو ایک جھنڈے تلے جمع کیا جائے اور تفرقات کے جھگڑوں سے نکل کر امت مسلمہ کی اصلاح معاشرہ پر توجہ دی جائے۔

تبصرہ