فیصل آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سالانہ دختر بتول سیدہ زینب (ع) کانفرنس

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیراہتمام سالانہ دختر بتول سیدہ زینب (سلام اللہ علیہا) کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، بعد ازاں اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم کی شان میں منقبت پیش کی گئی۔ کانفرنس کی صدارت ضلعی صدر باجی فاطمہ سجاد نے کی، جبکہ مہمانان گرامی میں ڈاکٹر ثریا، تسنیم افضال، شمائلہ انجم، مصباح افتخار، عظمیٰ طفیل، رمضانہ قادری شامل تھیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر فاطمہ سجاد، روبینہ خاکی، ڈاکٹر ریحانہ قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویمن لیگ کردار زہرہ علیہا السلام اور جرات زینب علیہا السلام کی امین ہے اور موجودہ دور میں حسینیت کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سرپرستی میں تجدید احیائے دین کیلئے اسکی خدمات سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ سیدہ زینب علیہا السلام کا کردار ہمیں یہ بتاتا ہے کہ اس دو ر میں جینا لازم ہے جس دور میں جینا مشکل ہو۔

ضلعی ناظمہ قمر النساء خاکی نے کہا کہ علم کے نور سے ظاہر و باطن کو بدلنے کی جدوجہد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے معاشرے میں تبدیلی کا جو ویژن دیا ہے اس میں عورت کو مرکزی کردار حاصل ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ دین مبین کی زریں اقدار کے فروغ کیلئے ان کی رہنمائی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ملک اور امت کے مستقبل کو باوقار، باحمیت اور تابناک بنانے کیلئے تربیت اور تعلیم کے دو ادواروں پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو سلامتی اور امن دینے کیلئے داخلی امن ناگزیر ہے اور اس کیلئے ماں کی تربیت کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں یوسی سطح تک منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمات کا وجود اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مستقبل میں آنے والی تبدیلی میں عورت کا ماں، بہن، بیٹی کے روپ میں مرکزی کردار ہو گا اور وہ وقت دور نہیں جب ملک میں حقیقی تبدیلی کا سورج طلوع ہو گا۔

تبصرہ