منہاج القرآن ویمن لیگ کا 26ویں یوم تاسیس

(5 جنوری 2014ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے 26ویں یوم تاسیس کو دنیا بھر میں تحریکی وانقلابی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو یوم تاسیس کی خصوصی مبارکباد پیش کی اور دعا کی۔

26 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر تقریب کا انعقاد کیا جس میں دختر شیخ الاسلام محترمہ فضہ حسین قادری اور محترمہ سکینہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ محترمہ راضیہ نوید، محترمہ عائشہ شبیر، محترمہ حنا امین، محترمہ ہما وحید، محترمہ کلثوم طفیل اور محترمہ نبیلہ یوسف بھی موجود تھیں۔ سینئرز میں سے محترمہ فریدہ سجا (ممبر مجلسِ عاملہ)، محترمہ رافعہ علی قادری (ممبر مجلسِ عاملہ)، محترمہ نبیلہ ظہیر (صدر ویمن لیگ لاہور)، محترمہ ساجدہ صادق، محترمہ شاکرہ چوہدری، لاہور کی پوری ٹیم اور سینکڑوں خواتین کارکنان نے شرکت کی۔

دختر شیخ الاسلام محترمہ فضہ حسین قادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج معاشرہ مجموعی طور پر ایک بگاڑ کا شکار ہے جہاں خواتین کی حالت قابل رحم ہے۔ ہم نے اسلام کی زریں تعلیمات سے تعلق توڑ کر حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات سے بھی ناطہ توڑ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خاتون خانہ سمیت ہر سطح پر عورت کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہیں۔ عورت کی عزت و توقیر کی بحالی کے بغیر معاشرتی ترقی نہیں ہو سکتی اور یہ صرف اس وقت ہی ممکن ہے جب عورت اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر خود کو حضرت فاطمۃ الزھرہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر ڈھال لے۔ ہم حوا کی بیٹی کو معاشرے میں ایک مثالی ماں، بہن اور بیٹی کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کردار زہرہ رضی اللہ عنہا، جرآت زینب رضی اللہ عنہا اور حکمت عائشہ رضی اللہ عنہا کی امین ہے اور موجودہ دور میں حسینیت کا شعور بیدار کر رہی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تجدید و احیائے دین کیلئے اس کی خدمات سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ علم کے نور سے ظاہر و باطن کو بدلنے کی جدوجہد ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے۔ اس کیلئے خواتین کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔ علم سے عمل اور عمل سے سلامتی اور امن کی خوشبو پھیلتی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معاشرے میں تبدیلی کیلئے جو ویژن دیا ہے اس میں عورت کو مرکزی کردار حاصل ہے اور منہاج القرآن ویمن لیگ دین مبین کی زریں اقدار کے فروغ کیلئے ان کی رہنمائی میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پوری دنیا میں حقیقی اسلامی تعلیمات فروغ پا رہی ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے 26 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ہمیں اس ملک اور امت مسلمہ کی خواتین میں اس شعور کو بیدار کرنا ہے جس سے اسلام کی توقیر و عظمت میں اضافہ ہو۔

آخر پر یومِ تاسیس کی خوشی میں کیک کاٹاگیا اور دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ