منہاج القرآن ویمن لیگ کا 28 واں یوم تاسیس، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کیلئے دعا

ڈاکٹر طاہرالقادری خواتین کے آئینی، سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی بازیابی چاہتے ہیں
خواتین کے استحصال کے سب سے زیادہ واقعات موجودہ حکومت کے دور میں ہوئے

لاہور (5 جنوری 2016) منہاج القرآن ویمن لیگ کا 28 واں یوم تاسیس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، کیک کاٹا گیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ تعلیم، امن اور مصطفوی نظام کے قیام کیلئے کوشاں ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری خواتین کے آئینی، سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی بازیابی چاہتے ہیں، منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کو اسلامی، فلاحی مملکت کے قالب میں ڈھالنے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے، عائشہ مبشر، راضیہ نوید، افنان بابر، انیلہ ڈوگر، عطیہ بنین، زینب ارشد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یوم تاسیس کی تقریب میں شہدائے ماڈل ٹاؤن اور شہیدہ تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کیلئے دعا کی گئی۔ فرح ناز نے کہا کہ حواء کی بیٹیاں جان لیں موجودہ نظام ان کے بنیادی حقوق کا قاتل ہے، حکمرانوں کی نااہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ خواتین بھگت رہی ہیں۔

فرح ناز نے کہا کہ بے تحاشہ قدرتی وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے باوجود ملک بھوکا، پیاسااوراندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ خواتین کو ترقی کے دھارے سے باہر رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے استحصال کے سب سے زیادہ واقعات موجودہ حکومت کے دور میں ہوئے ہیں اور ان میں سرفہرست صوبہ پنجاب ہے۔ فرح ناز نے کہا کہ 28 سال قبل لاہور سے شروع ہونی والی منہاج القرآن ویمن لیگ کی یہ تحریک آج خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی اور موثر آواز بن چکی ہے، خواتین نے ملکر اس ملک کو بچانا ہے، ظالم حکمرانوں نے اس قوم کو خودکشیاں، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشتگردی اور بربادی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، پاکستانی خواتین اپنی ذمہ داریوں کو پہچانتے ہوئے موجودہ ظالمانہ نظام اور قاتل حکمرانوں کے خلاف انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔

تبصرہ