ہری پور: منہاج القرآن ویمن لیگ کی سالانہ محفلِ میلادِ مصطفٰی (ص)

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 24 جنوری 2016 کو بےنظیر ہال چمن پارک، ہری پور میں سالانہ محفل میلاد مصطفٰی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی سینئر نائب صدر راضیہ نوید نے کی۔ محفل میلاد میں ہری پور اور مضافاتی علاقوں سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں شریک تھیں۔

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل ہری پور اور منہاج نعت کونسل راولپنڈی نے رسولِ کریم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول پیش کیے، جبکہ سیدہ عاتکہ قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ ہری پور کی ضلعی صدر رابعہ مرسلین نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے محفل میں شریک تمام خواتین کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ ہری پور کی ضلعی اور تحصیلی عہدداران کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔

محفلِ میلاد مصطفٰی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے راضیہ نوید نے کہا کہ آقا علیہ السلام کا اسوہ تمام انسانیت لیے زندگی کا بہترین نمونہ ہے۔ انسانِ کامل صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل کیے بغیر دنیا اور آخرت کی کامیابی ناممکن ہے۔ حضورِ اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت، آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا صدقہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام ایک مقصد اور نظریہ کے تحت عمل میں لایا گیا تھا، جسے شرپسند تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے اور ضربِ عضب کی کامیابی کے لیے ’ضرب علم و امن‘ ناگزیر ہے۔ تحریک منہاج القرآن نے ’ضرب علم و امن‘ کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد دہشتگردی کی فکری تشکیل کو روکنا ہے۔

تبصرہ