لاہور: منہاج ویمن لیگ کے وفد کی ’حجاب کانفرنس‘ میں شرکت

منہاج القرآن ویمن لیگ کے وفد نے 07 جنوری 2016 کو خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران میں منعقدہ حجاب کانفرنس میں شرکت کی۔ وفد کی قیادت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی سیکرٹری تربیت عائشہ مبشر کر رہی تھیں۔ کانفرنس میں سمیعہ راحیل قاضی سمیت مختلف مکاتب مفکر کی خواتین شریک تھیں۔

عائشہ مبشر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے سب سے پہلے عورتوں کے تحفظ اور انکے حقوق کا علم بلند کیا اور عورت کی عظمت و احترام اور اسکی صحیح حیثیت کا واضح تصور پیش کیا۔ اسلام دین فطرت ہے جو آرائش کا حکم دیتا ہے نمائش کا نہیں۔ قوموں کا عروج عورت کی حیاء اور مرد کی غیرت سے مشروط ہے۔ ہر دین کا ایک اخلاق ہوتا ہے اور اسلام کا اخلاق حیاء ہے۔ حجاب حکم الٰہی ہے جو امت مسلمہ کی تہذیبی علامتوں میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے، حجاب عورت کو آزادی، تحفظ، شناخت عزت ووقار عطا کرتا ہے۔ حجاب اختیار کرکے حیاء و عظمت کی مضبوط ڈھال اپنے گرد قائم کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حجاب عورت کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ اسکی عظمت کی علامت ہے۔ خواتین امہات المومنین رضی اللہ عنہا کے کردار کو مشعل راہ بنائیں، حجاب اپنی مقرر کردہ حدود کے ساتھ ایک شرعی حکم اور دینی ہدایت ہے۔ حجات اسلام کا عطا کردہ معیار عزت و عظمت ہے۔ حجاب عورت کا حق ہے کوئی پابندی یا جبر کی علامت نہیں۔ باحجاب عورت کیلئے معاشی ترقی کی راہیں کھلی ہیں۔ حجاب اعلیٰ تعلیم اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں، حقیقت میں حجاب خاموش دعوت دین ہے، دل کا پردہ آنکھ میں حیاء اور نیت کی پاکیزگی کا عملی اظہار حجاب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومیں اپنے امتیازات کو محفوظ رکھتی ہیں اور ان کی حفاظت پر فخر کرتی ہیں۔ حجاب اسلامی شعائر میں سے ہے جو سماجی فضا کو سالم رکھنے کا ذریعہ ہے۔ حجاب کا مقصد سماج کی فضا کو گناہوں کی آلودگیوں سے پاک رکھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو حجاب کا پابند بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ان کے دلوں میں اللہ اور اس کے رسول صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کے چراغ روشن کیے جائیں۔

تبصرہ