کشمیر: منہاج القرآن ویمن لیگ کا جموں و کشمیر کے تعلیمی ادارہ جات کا دورہ

مظفرآباد: مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سسٹرز کی مرکزی سیکرٹری جنرل انیتا الیاس نے منہاج القرآن ویمن لیگ کشمیر زون کی جنرل سیکرٹری ام کلثوم قمر کے ہمراہ 08 سے 11 مئی 2016 کو آزاد جموں و کشمیر کے مختلف تعلیمی ادارہ جات کا دورہ کیا۔ اپنے چار روزہ دورے کے دوران انہوں نے ویمن یونیورسٹی آف اے جے کے باغ، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ، یونیورسٹی آف منیجمینٹ سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کوٹلی، رائل پیلس ہاسٹل اپر چھتر، المصطفیٰ سکول، النعمان سکول اور منہاج ماڈل ہائی سکول ترار کھل میں منعقدہ ضرب امن مہم اور نصاب امن کی تعارفی تقریبات میں شرکت کی۔

مختلف تقریبات میں طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انیتا الیاس اور ام کلثوم قمر کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اہم عصری اور فکری ذمہ داری کو پورا کرتے ہوئے ’’فروغ امن اور انسداد دہشت گردی‘‘ کے لئے اسلامی نصاب ترتیب دیا ہے۔ عالمی سطح پر اس اقدام کو بےحد سراہا گیا اور اسے انسانیت کی ایک عظیم خدمت قرار دیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن اور بانئ تحریک کی طرف سے یہ کارنامہ نہ صرف اُمتِ مسلمہ بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک عدیم النظیر اور فقید المثال تحفہ ہے۔ یہ نصاب کالجز، یونی ورسٹیز اور تعلیمی اِداروں کے طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ اِنتہا پسندانہ فکر سے متاثر ہونے کے بجائے اِسلام کے تصورِ اَمن و سلامتی سے رُوشناس ہو کر معاشرے کے ذِمہ دار اور کارآمد اَفراد بن سکیں۔ شیخ الاسلام اور تحریک منہاج القرآن نے اپنا یہ فریضہ احسن طریقہ سے ادا کردیا۔ اب ملک و ملت کے ہر ذی شعور شخص، ذمہ دار ادارے اور مسلمان حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس اسلامی نصاب کو شامل نصاب کرکے عالم انسانیت کو اس کرب سے نکالنے میں اپنا اپنا کردار اد اکریں۔ اب میڈیا اور حکومتی اداروں کا امتحان ہے کہ وہ اس سے ملکی سلامتی اور ملی ضروریات کو کس طرح پورا کرنے میں استفادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران قومی دولت کو تعلیم و شعور کے لیے خرچ کرنے کی بجائے کاغذی منصوبوں اور کرپشن کی نظر کر رہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ آنے والے بجٹ میں جی ڈی پی کا 4 فیصد تعلیم پر خرچ کیا جائے۔

انہوں نے طالبات کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے حلقات درود اور سٹڈی سرکلز قائم کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ مختلف سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی طالبات نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ میں شرکت کا اعلان کا اور پرمن و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں جدوجہد کے عزم کا اظہار کیا۔

تبصرہ