فیصل آباد: منہاج ویمن لیگ پی پی 70کے زیراہتمام میلاد مصطفےٰ کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن ویمن لیگ پی پی 70کے زیراہتمام 7 دسمبر 2016 کو میلاد مصطفے ٰکانفرنس منعقدہوئی۔ جس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع فیصل آباد کی نائب صدر فرحت دلبر قادری نے کی، جبکہ مہمانوں میں ایم پی اے مدیحہ رانا، منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنما عائشہ شبیر، انیلاڈوگر، فریدہ اکبر، تسنیم افضال، رخسانہ قمر، ڈاکٹرادیبہ ناز، حراء دلبر اور ثناء دلبر شامل تھیں۔ کانفرنس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک تھیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع فیصل آباد کی ناظمہ روبینہ خاکی نے کہا کہ اسلام دینِ امن و سلامتی ہے۔ تنگ نظری اور انتہا پسندی کے الاؤ میں وہ لوگ جل رہے ہیں جنہوں نے اسلام کی روح کو نہیں سمجھا۔ جس دل میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے محبت کے چشمے پھوٹتے ہیں وہ کسی جانور کو بھی گزند پہنچانے کا تصور نہیں کر سکتا۔امن کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ آقائے کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے تعلق کو پختہ کیا جائے۔ذات سے تعلق مضبوط ہوگا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تحریک ملے گی۔انہوں نے کہاکہ باطن کو نور اور امن سے مزین کرنے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ادب سیکھنا ہو گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب سے عاجزی اور انکساری آئے گی اور معاشرے میں محبت کی خوشبو پھیلے گی اور جس دل میں محبت کا سمندر موجزن ہو جائے اس جسم سے دوسرے کیلئے سلامتی اورمحبت کے رویے ہی پھوٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت کو نعمتِ اسلام اور معرفت الٰہی مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے صدقہ نصیب ہوئی اور پورا قرآن حضور کے اخلاق اور سیرت پر اعلیٰ کتاب ہے۔ محبت اور ادب ایمان کی متاع ہے۔ من کی دنیا کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت سے سیراب کرنا ہوگا۔ نفسانی خواہشات کو ختم کر کے باطن کو تقوی، طہارت، توحید الٰہی اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اجالا کر لیا جائے تو امت کا ہر فرداپنے اپنے ملک میں امن و سلامتی بکھیرنے والا بن جائے گا۔

تبصرہ