شیخوپورہ: منہاج ویمن لیگ کا فاروق آباد میں محفلِ میلاد کا انعقاد

منہاج القرآن ویمن لیگ فاروق آباد کے زیراہتمام یکم جنوری 2017 کو محفلِ میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ تربیت عائشہ مبشر نے کی۔ محفل میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

محفلِ میلادِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل فاروق آباد نے بارگاہِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ مبشر نے کہا کہ سورہ کوثر میں اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عطا کردہ شان، حکمت اور فضائل کی کثرت کا اعلان کیا ہے۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے آپ کے ہر خلق کو عظیمت فضیلت اور کثرت عطا فرمائی ہے۔ آپ کا ہر ہر خلق، خواہ وہ خلق حلم و بردباری ہو، جود و کرم اور سخاوت ہو، شجاعت و بہادری ہو، حیاء و چشم پوشی ہو، حسن ادب ہو، حسن معاشرت ہو، شفقت و رحمت ہو، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر خلق عظیم ہے۔ انسانیت کے لئے قابل تقلید، قابل پیروی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمان کی بقا اور کمال کے لئے آقا علیہ السلام کے ساتھ محبت اور ادب کے تعلق کو اس طرح استوار کیا جائے کہ آقا علیہ السلام کے ادب، اطاعت اور محبت میں فنا ہو جائیں۔ ساری خیر حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت میں ہے اور سارا شر حضور علیہ السلام سے کٹ جانے میں ہے۔ اُمت جب تک حضور علیہ السلام سے جڑی رہی، وہ خیر کے چشموں سے سیراب ہوتی رہی۔ جب سے ہم ادب مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم ، محبت مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم ، اتباع مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرت مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کٹ گئے تو خیر سے محروم ہوتے ہوئے اور شر کے اندھیروں میں چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام محبت کا پیغام ہے۔ یہ پیغام انسانیت کو جوڑنے، امن، بقا، فلاح، بہبود، خیر اور انسانیت کی خدمت، دُکھی لوگوں کے دلوں کا سہارا بننے، پریشان حال لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ دینے اور لوگوں کو اُن کی ضروریات بہم پہنچانے اور خوشیاں دینے کا نام ہے۔ یہ تمام صفات میرے آقا علیہ السلام کا اُسوہ و سیرت ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت بھی کریں اور آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اُسوہ اور سیرت کی اتباع بھی کریں۔ تحریک منہاج القرآن اسی پیغام اور تعلیم کی نقیب ہے۔ قرآن مجید، حدیث رسول، سنت مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیرت مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کا فروغ اور انہیں اپنے کردار میں ڈھالنا ہی منہاج القرآن کی تعلیم ہے۔

تبصرہ