کراچی: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کا سیمینار

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کے استحصال، ظلم، ظالم فرسودہ رسومات، نا انصافی کے خلاف، اور خواتین کے بنیادی انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینارز، مباحثے و دیگر تقریبات کا انعقاد ہوا۔ اس سلسلے میں منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کے زیراہتمام ویمن ڈے سیمینار گلشن اقبال نیشنل ہاؤسنگ سوسائٹی میں منعقد ہوا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی رانی ارشد نے کہا اسلام واحد مذہب ہے جس نے خواتین کو سب سے زیادہ نہ صرف حقوق دئیے بلکہ انہیں عزت و احترام کا مقام اور مرتبہ دیا۔ دنیا میں خواتین کے حقوق سلب کرنے والے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنا کر غلام رکھنے والے زمانہ جہالت کے رسوم و رواج سے باہر نہیں نکلے۔ تحریک منہاج القرآن واحد جماعت ہے جس میں خواتین سب سے زیادہ ہیں، بانی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نہ صرف خواتین کو معاشرے میں جدوجہد کی تعلیم و تربیت دی بلکہ خواتین کو اپنے حقوق حاصل کرنا بھی سکھائے۔ جو لوگ خواتین کو حقوق دینے کے انکاری ہیں انکی سوچ فرسودہ ہے پاکستان میں خواتین کے حقوق کیلئے قانون موجود ہیں مگر ان قوانین پر عملدرآمد کرانے میں جاگیردارانہ سوچ حائل ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تسبیحہ شفیق، فوزیہ جنید، ڈاکٹر یمنا، سیما رضانے کہا خواتین کو زندگی میں تبدیلی لانے اور اپنا مقام حاصل کرنے کیلئے بہادر بننا ہو گا خواتین کا معاشرے کی تعمیر ترقی، نسل نو کی تربیت، ملک کی تعمیر میں اہم کردار ہے۔ آج کی خاتون نے اپنے عملی کردار سے ثابت کر چکی ہے وہ کسی سے پیچھے نہیں ہے مگر نام نہاد این جی اوز کو خواتین کے حقوق کے نام پر مسلم خواتین کی عزت، اقدار، انکے مقام و مرتبے کو پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اسلام نے خواتین کے حقوق جہاں مقرر کئے ہیں وہاں حدود بھی مقرر کی ہیں۔

سیمینار میں محترمہ فاطمہ جناح، محترمہ بے نظیر بھٹو، محترمہ ارفع کریم، تنزیلہ امجد شہید، شازیہ مرتضیٰ شہید اور مریم مختار شہید کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ سیمینار میں خواتین پر تشدد، کاروکاری، قرآن سے شادی، خواتین کے اغواء، عصمت فروشی پر مجبور کرنے، جہیز کے نام پر خواتین کی تذلیل کی سخت مذمت کی گئی۔ مقررین نے کہا موجودہ دور میں مرد کے مقابلے میں خواتین کو زیادہ تعلیم یافتہ ہونا چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کی اچھی تعلیم و تربیت ہو سکے۔ انہوں نے کہا صرف ایک دن منانے سے خواتین کو حقوق نہیں ملیں گے اس کیلئے مستقل بنیادوں پر شعور اور قانون کی ضرورت ہے۔ سیمینار سے چمن فاطمہ، نصرت کمال سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

رپورٹ: چمن فاطمہ (سیکرٹری اطلاعات منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی)

تبصرہ