فیصل آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کا ورکرز کنونشن

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیراہتمام ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر، ناظمہ کے پی کے عائشہ مبشر نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر فرحت دلبر قادری، فاطمہ سجاد، نوشابہ ضیاء، قمر النساء خاکی، مسز رانا غضنفر، سبین کاشف، تسنیم افضال، رضوانہ جسپال، حنا دلبر موجود تھیں۔ کنونشن کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ صلوٰۃ و سلام اور گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ افنان بابر نے ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل، باصلاحیت افرادی قوت اور کرشماتی نعمتوں کے کثرت کے باوجود ملک بھوکا، پیاسا اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ خواتین کو ترقی کے دھارے سے باہر رکھنا ہے۔ خواتین کے حقوق کا اصل دشمن موجودہ استحصالی اور فرسودہ نظام سیاست و اقتدار ہے۔ اسلام نے عورت کو ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے روپ میں ایک اچھوتا اور مقدس رشتہ عطا کیا ہے تاکہ عورت معاشرے میں تخریب کی بجائے تعمیر و اصلاح کا فریضہ سرانجام دے سکے۔ عورت کو چاہیے کہ شر م وحیاء کا پیکر بن کر تعلیمی، معاشی، اقتصادی اور معاشر تی میدان میں مردوں کا ہاتھ بٹائے تاکہ معاشرے کی ترقی میں فعال کردارادا کرسکے۔ معاشرے میں خواتین کے تقدس کی بحالی کیلئے مؤثر اور فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

کنونشن سے ناظمہ کے پی کے عائشہ مبشر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 29 سال قبل شروع ہونے والی خواتین کی تحریک آج خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی اور مؤثر تحریک بن چکی ہے، خواتین ملک میں پرامن انقلاب اور حقیقی تبدیلی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہید بیٹیاں انصاف کی منتظر ہیں۔ طاقت ور کمزوروں کا استحصال کر کے اللہ کے غضب کو دعوت نہ دیں، قانون کمزوروں کو انصاف دلوانے کے معاملے میں اندھا کیوں ہے؟۔ ہم نے ریاستی درندگی کا جرات مندانہ سامنا کیا، اپنی بہنوں، بھائیوں اور بزرگوں کے بہنے والے خون کو بھولے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے حکم کے منتظر ہیں جیسے ہی انہوں نے ظلم کے خاتمے اور انصاف کے بول بالا کیلئے سڑکوں پر آنے کا حکم دیا تو ایک لمحہ ضائع کیے بغیر ان ظالم اور جابر حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر ہونگی۔ ہمارے حوصلے پہلے سے زیادہ بلند ہیں کیونکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کبھی بھی دنیاوی مفادات کیلئے لانگ مارچ کی کال نہیں دی، ہماری منزل ظالمانہ نظام کا خاتمہ ہے اس کیلئے نہ پہلے کسی قربانی سے دریغ کیا نہ آئندہ کرینگی۔

تبصرہ