منہاج القرآن ویمن لیگ کا 30واں یوم تاسیس، شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے دعا

ڈاکٹر طاہرالقادری خواتین کے آئینی، سیاسی، سماجی حقوق کی بازیابی چاہتے ہیں: فرح ناز
خواتین کے استحصال کے سب سے زیادہ واقعات موجودہ حکومت کے دور میں ہوئے : صدر ویمن لیگ
منہاج القرآن ویمن لیگ خواتین کے حقوق کی موثر آواز بن چکی ہے، تقریب سے خطاب

لاہور (6 جنوری 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کا 30واں یوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا، کیک کاٹے گئے، سیمینارز اور دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور اور منہاج القرآن و عوامی تحریک کے مرکزی صوبائی و ضلعی قائدین نے منہاج القرآن ویمن لیگ کو 30ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دی۔ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کیک کاٹا گیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا اور بالخصوص شہید تنزیلہ امجد اور شازیہ امجد کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ 30 سال قبل لاہور سے شروع ہونیوالی منہاج القرآن ویمن لیگ کی یہ تحریک آج خواتین کے حقوق کی سب سے بڑی اور موثر آواز بن چکی ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ تعلیم، امن اور مصطفوی نظام کے قیام کیلئے کوشاں ہے۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خواتین کے آئینی، سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کی بازیابی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حوا کی بیٹیاں جان چکی ہیں کہ موجودہ فرسودہ نظام انکے حقوق کا قاتل ہے۔ نا اہل حکمرانوں کی نا اہلیوں کا سب سے زیادہ خمیازہ خواتین بھگت رہی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے استحصال کے سب سے زیادہ واقعات موجودہ کرپٹ اور قاتل حکمرانوں کے دور میں ہوئے ہیں اور ان میں سر فہرست صوبہ پنجاب ہے، پاکستانی خواتین اپنی ذمہ داریوں کو پہچانتے ہوئے ظالمانہ نظام اور قاتل حکمرانوں کے خلاف کردار ادا کریں۔

تقریب سے عائشہ مبشر، افنان بابر، زینب ارشد، کلثوم طفیل، آمنہ بتول نے بھی خطاب کیا جبکہ ملک کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں بھی منہاج القرآن ویمن لیگ کے 30 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقاریب منعقد کی گئیں اور کیک کاٹے گئے۔

تبصرہ