منہاج القرآن ویمن لیگ ملک کے تمام بڑے اضلاع میں ’’عرفان الہدایہ دروس قرآن کورس‘‘ شروع کریگی

معلمات کیلئے تین روزہ الہدایہ تربیتی کیمپ ماڈل ٹاؤن میں شروع، سینکڑوں خواتین کی شرکت
ہفتہ کو چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین خصوصی لیکچر دیں گے
قرآ ن کے احکام و اصول کو سمجھے بغیر ایمان کامل ومضبوط نہیں ہو سکتا : فرح ناز

لاہور (4 مئی 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر فرح ناز نے کی جبکہ اس موقع پر مرکزی ناظمہ افنان بابر، زینب ارشد، ام حبیبہ، عائشہ مبشر، کلثوم طفیل، میمونہ شہباز، لبنیٰ مشتاق، نازیہ عبدالستار و دیگر مرکزی و صوبائی عہدیداران موجود تھیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ رمضان المبارک کی برکات کو سمیٹتے ہوئے لاہور سمیت ملک کے تمام بڑے اضلاع گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ملتان، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کراچی، سکھر، بہاولپور، گجرات سمیت دیگر شہروں میں عرفان الہدایہ پراجیکٹ کا آغاز کرے گی، ان تمام اضلاع میں عصر حاضر میں قرآن حکیم کی تعلیمات کے حوالے سے مختلف کورسز کروائے جائیں گے، سمر کیمپس کا انعقاد کیا جائیگا، مختلف اہم تعلیمی اداروں میں تعلیمات قرآن کو عام کرنے کیلئے عرفان الہدایہ کے عنوان سے دروس قرآن کا اہتمام کیا جائیگا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے فرح ناز نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت قرآن پاک کی تعلیمات و احکامات کو عام کرنے کیلئے تین روزہ الہدایہ کیمپ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شروع کر دیا گیا ہے، اس تین روزہ کیمپ و تربیتی ورکشاپ میں ملک بھر سے معلمات شرکت کر رہی ہیں، معلمات کو قرآن حکیم سیکھنے، پڑھنے اور سکھانے کے حوالے سے خصوصی کورسز کروائے جارہے ہیں، فرح ناز نے کہا کہ اس تین روزہ کیمپ میں معلمات کو قرآن حکیم کی مختلف جہتوں کو عوام الناس میں عام کرنے کیلئے عملی مشقیں بھی کروائی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ 5 مئی (ہفتہ) کوماڈل ٹاؤن میں تین روزہ الہدایہ تربیتی ورکشاپ سے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین خصوصی خطاب کریں گے، چیئرمین سپریم کونسل عصر حاضر میں قرآن پاک کو سیکھنے، سکھانے کی ضرورت و اہمیت پر مفصل گفتگو کرینگے۔

فرح ناز نے مزید کہا کہ قرآن حکیم ایمان کا خزانہ ہے، قرآن کے احکام و اصول کو سمجھے بغیر ایمان کامل اور مضبوط نہیں ہو سکتا، ایمان کا پہلا اور آخری زینہ قرآن مجید ہی ہے۔ جو بھی ایمان کے پہلے زینے پر قدم رکھنا چاہتا ہے اسے قرآنی احکام و اصول سے علمی و عملی رشتہ جوڑنا ہو گا اور جو ایمان کے آخری زینے پر چڑھنا چاہتا ہے اسے بھی قرآنی حکام اور اصول ہی سے رشتہ جوڑنا ہو گا۔

تبصرہ