فیصل آباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام راشن تقسیم کرنے کی تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد کے زیراہتمام مستحق خواتین میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب سے ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، میاں کاشف محمود، رانا طاہرسلیم، آصف عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں۔ انسان کو ممتاز کرنے میں جہاں دیگر خصائل و اوصاف کا اہم کردار ہے وہاں دردمندی، خدمت خلق، انسانی فلاح و بہبودکے کام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، اللہ کریم قرآن حکیم میں ارشاد فرماتا ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا ساری انسانیت کی جان بچانا ہے جبکہ ایک انسان کی جان لینا ساری انسانیت کی جان لینے کے برابر ہے۔ رمضان المبارک بخشش، سخاوت، بھائی چارے اور غم خواری کا مہینہ ہے، روزے کا مقصد تقویٰ ہے، اس ماہ مبارک میں اخلاق و تقویٰ کے ساتھ ساتھ اللہ کی راہ میں دل کھول کر خرچ کرنا چاہیے۔ تقریب میں ضلعی ناظمہ فرحت دلبراعوان، فریدہ علی، تسنیم افضال، حراء دلبرقادری بھی موجود تھیں۔

رمضان المبارک میں غرباء، مساکین کی ضروریات پوری ہوتی ہیں، رمضان المبارک صبر، اخوت، بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ بھلائی کے کام کرنے چاہئیں، حقوق اللہ اور حقوق العباد کا خیال رکھنا چاہیے، اللہ کریم نے رمضان المبارک کی صورت میں مسلمانوں کو ایسا ماہ مقدس عطا کیا ہے جس کے آنے پر زندگیوں میں انقلاب جنم لے لیتا ہے۔ اس ماہ مبارک میں ایک دوسرے کے دکھ، درد میں شریک ہو کر نیکیاں سمیٹے۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کے معاشی و اقتصادی نظام کا مقصد ایک مثالی وفلاحی معاشرہ قائم کرنا ہے۔ اسلام نے ہر فرد کو بنیادی ضروریات کا حق دیا۔ کسی کو بھی بنیادی ضروریات و سہولیات سے محروم نہیں کیا۔

تبصرہ