قرآن مجید میں مذکور تمام اخلاق حسنہ کے مخاطب حضور اکرم ﷺ ہی ہیں: فرح ناز

صاحب قرآن کا اخلاق قرآن مجید کی منشاء کے عین مطابق تھا
منہاج القرآن کی مرکزی صدر کا شہر اعتکاف میں موجود ہزاروں معتکفات سے خطاب

لاہور (13 جون 2018) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ قرآن مجید اللہ کریم کی وہ عظیم کتاب ہے جو محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ پر نازل ہوئی، قرآن حکیم میں اللہ تعالی نے اخلاق حسنہ کے تمام مدارج کو تفصیلی بیان فرما دیا، قرآن مجید میں مذکور تمام اخلاق حسنہ کے مخاطب حضور اکرم ﷺ ہی ہیں، اللہ تعالی نے حضور ﷺ کی سیرت طیبہ کو اہل ایمان کے لیے بہترین نمونہ عمل قرار دیا، ارشاد خداوندی ہے’’اور بے شک آپ ﷺ اخلاق کے اعلیٰ مرتبے پر فائض ہیں۔ ‘‘ وہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منہاج گرلز کالج میں منعقدہ شہر اعتکاف میں موجود ہزاروں معتکفات سے ’’قرآن، اخلاق اور صاحب قرآن‘‘کے موضوع پر خطاب کر رہی تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ قرآن مجید میں موجود لفظ ’’خلق‘‘ حضور ﷺ کی سیرت، کردار، شخصیت اور مبارک زندگی کے تمام پہلوؤں کا بدرجہ اتم احاطہ کرتا ہے، صاحب قرآن ﷺ کے اخلاق حسنہ کا مشاہدہ قرآن مجید کے تناظر میں کیا جائے تو یہ قرآن حکیم کو پرتو ہی نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ اپنے اقوال، افعال، احوال اور امور زندگی میں ہمیشہ قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے تھے، حضور اکرم ﷺ کا اخلاق کریمانہ ہی تھا کہ جس نے عرب کے متشدد اور جہالت میں غرق معاشرے کو اس قدر متاثر کیا کہ وہ اسلام کی آغوش میں آگئے۔ صاحب قرآن کا اخلاق قرآن مجید کی منشاء کے عین مطابق تھا، آپ ﷺ کا اخلاق حسنہ قرآن مجید میں مذکور اخلاقیات کا عملی نمونہ تھا۔

تبصرہ