مادر ملت پاکستان کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں: فرحت دلبراعوان

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی ناظمہ فرحت دلبراعوان نے کہا کہ تحریک پاکستان کیلئے خواتین میں بیداری شعور پیدا کرنا مادر ملت فاطمہ جناح کا بہت بڑا کارنامہ تھا، مادر ملت نے خواتین کے حقوق اور تعلیم و تربیت کی جو تحریک 23 مارچ 1940 ء سے شروع کی وہ پاکستان بننے کے بعد بھی جاری رہیمادر ملت پاکستان کی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 113 میں مادر ملت فاطمہ جناح کے 126 ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرفریدہ علی، روبینہ خاکی، قمرالنساء علی، تسنیم افضال، سمیت دیگر خواتین بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح سیاسی بصیرت میں اپنے بھائی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی حقیقی جانشین تھیں، محترمہ فاطمہ جناح ایک ایسی ہستی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کو بھائی کی خدمت اور تحریک آزادی کیلئے وقف کر دیا تھا، محترمہ فاطمہ جناح قوم کی ماں کا لقب حاصل کر کے سرخرو ہوئیں، انہوں نے کہا کہ آج کی عورت محترمہ فاطمہ جناح کی تحریک پاکستان کیلئے سالہا سال کی پرخلوص خدمات اور مسلمان خواتین کی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کی مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویمن لیگ مادر ملت کی تحریک پاکستان میں اپنے بھائی کے شانہ بشانہ جدوجہد، ملک و قوم کیلئے ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

تبصرہ