اسلام آباد: منہاج ویمن لیگ کا ’یوم آزادی اور مستقبل کے معمار‘ سیمینار

منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کے زیراہتمام کمیونٹی سنٹر جی نائن ٹو اسلام آباد میں 13 اگست 2018ء کو ’یوم آزادی اور مستقبل کے معمار‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت منہاج القرآن ویمن لیگ اسلام آباد کی صدر نصرت امین نے کی، جبکہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی نائب صدر راضیہ نوید تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔ سابق مرکزی ناظمہ دعوت تربیت فریحہ خان، ناہیدہ راجپوت، مسرت سلطانہ، مریم عرفان سمیت سماجی و سیاسی امور سے تعلق رکھنے والی خواتین اور منہاج القرآن ویمن لیگ کارکنان نے شرکت کی۔ سیمینار کی آرگنائزر دیا چوہدری تھیں۔

سیمینار کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے راضیہ نوید نے کہا کہ ہمیں اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کی تربیت تحریک منہاج القرآن کی نہج پر کرنے کی ضروت ہے، تا کہ قوم کے معمار اپنے وطن کی خدمت اور نظریے کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہوں اور وطن کے لئے مر مٹنے سے بھی گریز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء و سلامتی بھی اسی میں ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں اپنے وطن کے ساتھ محبت اور ملک کی ترقی اور سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بچے کل اس ملک کے معمار ہوں گے، اس لئے اپنے بچوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے منہاج القرآن کے ساتھ وابستہ کرائیں تاکہ ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہو۔ ہمیں اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے صحیح راستے کا چناؤ کرنا ہوگا۔ لوٹ مار، کرپشن اور انتشار کی سیاست سے ملک کو بچانا ہے، آپس میں محبت، اخوت اوربھائی چارے کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق مرکزی ناظمہ دعوت تربیت فریحہ خان نے کہا کہ بچیوں نے آگے چل کر نسلوں کوسنوارنے کی ذمہ داری ہوتی ہے اس لئے ہمیں اپنے بچوں کے ساتھ بچیوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سب سے پہلے ہمیں اپنے گھروں سے بچوں کی تربیت شروع کرنی ہے۔ سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی کی دعاؤں سے ہوا۔

تبصرہ