قرآنی انسائیکلوپیڈیا، امتیازات و خصوصیات

الحمداللہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا 5 ہزار سے زائد موضوعات اور 8 جلدوں پر مشتمل تحریر کردہ جامع قرآنی انسائیکلوپیڈیا طباعت کے جملہ مراحل طے کرنے کے بعد خاص و عام کے مطالعہ کیلئے دستیاب ہے، زیر نظر تحریر کی اشاعت تک اس ضمن میں تقریب رونمائی منعقد ہو چکی ہو گی، اللہ رب العزت نے انسان کی تخلیق کے بعد انسانیت کے عروج و ارتقاء کیلئے بعثت انبیاء اور وحی الٰہی کا سلسلہ جاری فرمایا، بعثت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نزول قرآن کے ذریعے انسانیت کو اوج ثریا تک پہنچایا اور قرآن حکیم کو قیامت تک انسانیت کا دستور حیات اور قانون فطرت قرار دیا، قرآن مجید میں بیان کردہ علوم و معارف اور قوانین فطرت میں اللہ رب العزت نے ہر دور کے انسان کیلئے رہنمائی مہیا فرمادی ہے، یہ رہنمائی قیامت تک بنی نو انسان کے جملہ انفرادی، خاندانی ، اجتماعی، اخلاقی، سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی امور کیلئے کامل جامعیت کے ساتھ فراہم کر دی گئی ہے، یہ حقیقت ہے کہ قرآن فہمی میں ہی انسانیت کی معراج اور قرآن گریزی میں زوال مضمر ہے، تعلیمات قرآن کی اس جامعیت، ہمہ گیریت اور آفاقیت نے تاریخ عالم پر گہرے نقوش ثبت کیے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اسے اعتقاداً نہ ماننے والے بھی اس میں بیان کردہ بیش بہا علوم و معارف اور قوانین فطرت کی صداقت کے معترف نظر آتے ہیں، قرآن مجید عربی زبان میں نازل ہوا ہے جسے فصاحت و بلاغت، قواعد و معانی اور علوم معارف کی زبان کہا جاتا ہے، اس کے ایک ایک لفظ میں کئی کئی معانی پنہاں ہیں، فہم قرآن کیلئے اس زبان کے قواعد کی معرفت کے علاوہ دیگر ناگزیر علوم مثلاً شان نزول، ناسخ و منسوخ، حدیث، علوم حدیث، اقوال صحابہ، تاریخ و ثقافت، عہد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور لغت عرب کے ساتھ ساتھ محاورہ عرب کی معرفت ازحد ضروری ہے، ان کے بغیر قرآن مجید کے معانی و مراد، نظم و اسلوب اور اس کے مفہوم و مدلول کو نہیں سمجھا جا سکتا، قرآن مجید کسی بشر کا کلام نہیں بلکہ خلاقِ عالم کا کلام ہے جو فصاحت و بلاغت اور اعجاز علمی میں اپنی مثال آپ ہے، قرآنی انسائیکلوپیڈیا قرآن فہمی کے حوالے سے ایک بے مثال علمی کاوش ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے مضامین قرآن تک خاص و عام کی رسائی کو سہل بنانے کیلئے اس کی ایک فہرست مرتب کر دی ہے جو 400 صفحات پر مشتمل ہے اور انسانی ذہن کے اندر جتنے بھی سوالات جنم لیتے ہیں ان تمام کا اس فہرست میں احاطہ کیا گیا ہے چونکہ قرآن مجید قیامت تک کیلئے ذریعہ ہدایت ہے، اس لیے قیامت تک کیلئے انسانیت کو جو بھی مسائل پیش آسکتے ہیں ان کا جواب قرآن مجید میں موجود ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عصر حاضر میں درپیش مسائل کو فہرست میں بیان کر دیا ہے اور قرآن مجید کے اندر مذکورہ ہونے والے جملہ واقعات کے ابواب ترتیب دے کر اسے آسان بنادیا ہے، قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی اہمیت جاننے اور اس سے مستفید ہونے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا مطالعہ کیا جائے اور اللہ رب العزت کے احکامات، انعام و اکرام، پند و نصائح سے براہ راست استفادہ کیا جائے۔ کسی بھی کتاب کی قدر و قیمت، افادیت اور رفعت و منزلت کا اندازہ ایک طرف اس کتاب کے موضوع اور اس میں بیان کردہ مضامین، مطالب اور مشمولات سے ہوتا ہے تو دوسری طرف اس کے مولف و مرتب کا علمی مقام و مرتبہ علم و فن پر ملکہ و مہارت، تعمق و تبحر اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ یہ امر نہایت ہی خوش آئند ہے کہ یہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا مرتب کرنے والی بین الاقوامی شخصیت نہ صرف جدید و قدیم علوم کا حسین امتزاج ہے بلکہ اقوام مشرق و مغرب کے فکری بُعد اورزمانہ ہائے قدیم و جدید کے علمی، فنی اور ذہنی فاصلوں میں ایک مسلمہ سنگم بھی ہے۔ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی شکل میں علوم دینیہ کے ذخائر میں ایک شاندار اضافہ کرنے پر ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو دل و جان سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے عجز و انکساری سے دعا کرتے ہیں کہ وہ شیخ الاسلام کو صحت و تندرستی کے ساتھ ہمارے سروں پر سلامت رکھے اور وہ اسی جوش و جذبہ، طاقت و توانائی کیساتھ اسلام کی نشاۃ ثانیہ کیلئے اپنا علمی، تحقیقی، فکری، اصلاحی کردار ادا کرتے رہیں۔

ماخوذ از ماہنامہ دخترانِ اسلام، دسمبر 2018ء

تبصرہ