خواتین کو مساوی حقوق کا مطلب انہیں معاشی دوڑ میں شریک کرنا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

سربراہ عوامی تحریک کا منہاج القرآن ویمن لیگ کے 30 ویں یوم تاسیس پر منعقدہ کنونشن سے خطاب
تقریب سے ڈاکٹر فضہ حسین قادری، فرح ناز، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد و دیگر کا خطاب

لاہور (5 جنوری 2019) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے 30 ویں یوم تاسیس پر منعقدہ خواتین کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ملک پاکستان میں خواتین کو ان کا جائز مقام نہیں ملا، خواتین کی تعلیم و تربیت پر توجہ نہ دینے والے ذمہ داران ملک و قوم کے مجرم ہیں۔ خواتین کو مساوی حقوق دینے کا مطلب انہیں سیاسی، معاشی، سماجی سرگرمیوں میں مردوں کے مساوی کردار کی ادائیگی کا ماحول فراہم کرنا ہے، خواتین کی امپاورمنٹ کیلئے اگر کوئی تنظیم عملاً متحرک کردار ادا کررہی ہے تو وہ منہاج القرآن ویمن لیگ ہے۔ اس نظام کی تبدیلی اور جامع اصلاحات کی سیاسی جدوجہد میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان نے قابل رشک جدوجہد کی۔

انہوں نے 30 ویں یوم تاسیس پر منعقدہ کنونشن کی شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ 30سال قبل جن تعلیمی، تربیتی اہداف کے حصول کیلئے ویمن لیگ کی بنیادی رکھی تھی وہ مقاصد حاصل ہوئے ہیں اور منہاج القرآن ویمن لیگ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت دنیا کے 90 ملکوں میں اس کا تنظیمی ڈھانچہ قائم ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کا 30واںیوم تاسیس پاکستان سمیت دنیا بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا، کیک کاٹے گئے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ تعلیم، امن اور مصطفوی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

تقریب میں ڈاکٹر فضہ حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری خواتین کے آئینی، سیاسی، سماجی حقوق کی بازیابی چاہتے ہیں۔ 30سال قبل شروع ہونیوالی منہاج القرآن ویمن لیگ کی یہ تحریک آج خواتین کے حقوق کی بڑی اور موثر آواز بن چکی ہے۔ پاکستانی خواتین اپنی ذمہ داریوں کو پہچانتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی طور پر ملکی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری معاشرے میں امن و ترقی کیلئے جو ویثرن دیا ہے اس میں خواتین کا مرکزی کردار ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ آج 30 ویں یوم تاسیس کے موقع پر عہد کرتی ہے کہ پاکستان اور امت مسلمہ کی خواتین میں اس شعور کو بیدار کرنا ہے جس سے اسلام کی توقیر و عظمت میں اضافہ ہو۔

تقریب سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، میمونہ شفاعت، صفیہ عفت، ڈاکٹر نوشابہ، شاہدہ مغل، عذرا اکبر، آمنہ بتول و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یوم تاسیس کی تقریب میں شہدائے ماڈل ٹاؤن، شہید تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ 30 ویں یوم تاسیس کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔

تبصرہ