جہلم: منہاج القرآن ویمن لیگ کا ’’خواتین کے عالمی دن‘‘ کے موقع پر سیمینار

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل جہلم کے زیراہتمام ’’خواتین معاشرے کا جزو لاینفک‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مسز فرح ناز، مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں مسز شاہدہ شاہ (ممبر ضلع کونسل، ٹریننگ آفیسر پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی، چیئر پرسن المرکز ویمن ونگ)، ڈاکٹر طیبہ (ماہر نفسیات)، شازیہ نیئر ایڈووکیٹ، عاصمہ نسیم ایڈووکیٹ، عالیہ رضا ایڈووکیٹ، شاہدہ عبداللہ (سابقہ پرنسپل گورنمنٹ کالج برائے خواتین پنڈدادنخان)، رشیدہ بیگم (چیئر پرسن عورت فاؤنڈیشن)، پروفیسر عفت شاکر (فزکس، گورنمنٹ کالج برائے خواتین جہلم)، تنویر فاطمہ (چیئر پرسن نیشنل اَمن کمیٹی برائے بین المذاہب ہم آہنگی ضلع جہلم)، مومنہ مہرو (صدر پنجاب ٹیچر یونین برائے خواتین جہلم)، نسرین مصطفی (پرنسپل اقراء سکول سکھا جہلم)، فرزانہ اجمل
 (سابقہ اینکر پاکستان ٹیلی ویژن کوئٹہ سنٹر/ پرنسپل منہاج ماڈل سکول جادہ جہلم)، عشرت فاروق (وائس پرنسپل منہاج ماڈل سکول کالا گجراں جہلم)، مسز مریم نعیم (سابقہ ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم)، ساجدہ نعیمی (ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل دینہ) ثمینہ کوثر (ٹیچر آرمی پبلک سکول جہلم) نفیسہ کرن (نائب صدر، پریس کلب تحصیل جہلم) اور سعیدہ خادم (صدر منہاج القرآن ویمن لیگ چنگ فورڈ یوکے) نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت و ترجمہ کلام پاک ہوا سے ہوا۔ ہدیہ نعت کی سعادت غوثیہ نعت کونسل نے حاصل کی جبکہ کمپیئرنگ کے فرائض مسز زین اور صبیحہ کرن نے سر انجام دئیے۔

مقررین میں مسز فرح ناز (مرکزی صدر) نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ہم سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کے راستے پر چلیں گی تب ہی معاشرے کا جزو لا ینفک بن سکیں گی۔ عورت صرف خاندان ساز نہیں بلکہ معاشرہ ساز ہے، تربیت یافتہ خاتون غیر معمولی نتائج دیتی ہے۔

مسز مریم نعیم (سابقہ ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ جہلم) نے کہا کہ عورت معاشرے کا وہ اہم عنصر ہے جس کی گود میں قومیں پروان چڑھتی ہیں، اس لئے معاشرے کی تربیت اور ترقی کا انحصار عورت پر ہے۔

شازیہ نیئر ایڈووکیٹ نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق کیلئے فرائض پورے کرنے چاہئیں، اپنے فرائض بیوی، بیٹی، اور ماں کے طور پر پورے کریں۔ اپنی بیٹیوں کی اچھی تربیت کریں تو آپ کو اپنا حق کسی سے مانگنا نہیں پڑے گا۔

مسز شاہدہ شاہ (ممبر ضلع کونسل، ٹریننگ آفیسر پنجاب لوکل گورنمنٹ اکیڈمی، چیئر پرسن المرکز ویمن ونگ) نے کہا کہ عورتوں کے حقوق عورتوں کے اختیار میں ہی ہیں کیونکہ نسلوں کو پروان چڑھانے میں زیادہ حصہ عورتوں کا ہی ہوتا ہے۔

مومنہ مہرو (صدر پنجاب ٹیچر یونین برائے خواتین جہلم) نے کہا کہ عورت کو اپنے حقوق کیلئے لڑنے سے پہلے خود کو مضبوط کر لینا چاہئیے۔ حقوق مانگنے کی ضرورت تب پڑتی ہے جب وہ اپنی کمزوریاں دوسروں کو بتاتی ہے، مضبوط عورت کو حقوق دوسروں سے مانگنے نہیں پڑتے۔

اختتام پر دُعا کے بعد مہمانوں کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔

تبصرہ