لودھراں: منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام استقبال رمضان کی روحانی تقریب

منہاج القرآن ویمن لیگ لودھراں کے زیراہتمام استقبال رمضان کے سلسلہ میں روحانی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل برائے خواتین نے نعت خوانی کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ضلعی صدر ارشاد منظور نے شرکاء محفل سے خطاب کیا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماہ صیام رب کی رحمتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے۔ اصلاح احوال اور تزکیہ نفس کے لیے یہ مہینہ سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ روحانی بالیدگی کے حصول کے لیے ہمیں اس ماہ مقدس کے ایک ایک لمحے سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔ رمضان کا مہینہ قرب الٰہی کے حصول کا مہینہ ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اس مہینہ میں قرآن پاک سے اپنا رشتہ جوڑیں۔

انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے سالانہ سلسلہ وار دروس عرفان القرآن جو لودھراں میں 12 مئی سے شروع ہورہے ہیں، میں خواتین کی بھر پور شرکت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان دروس عرفان القرآن سے روحانی برکات سمیٹنی چاہیں۔

اس موقع پر سابق پرنسپل ڈگری کالج برائے خواتین میڈم زرینہ چودھری نے بھی اصلاحی خطاب کیا اور خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیاں قرآنی تعلیمات کے مطابق گزاریں۔ انہوں نے نزول قرآن کی مقصدیت کو سمجھنے پر زور دیا۔ آخر میں ملکی استحکام کے لیے دعا کی گئی۔

تبصرہ