قرآن فہمی کیلئے صاحب قرآن سے نسبت ناگزیر ہے: منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام ہما اسماعیل کا درس عرفان القرآن

منہاج القرآن ویمن لیگ ملتان کے زیراہتمام خواتین کے لیے رمضان المبارک میں 20 روزہ دروس عرفان القرآن کا آغاز کیا گیا، جس میں منہاج ویمن لیگ کی ضلعی صدر ہما اسماعیل نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اللہ پاک نے ماہ رمضان المبارک میں قرآن مجید نازل فرما کر ہم پر بہت بڑا احسان فرمایا ہے۔ اس ماہ مبارک کی مقدس ساعتوں میں ہمیں زیادہ زیادہ رحمت خداوندی کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔ عبادات اور تلاوت قرآن کے زریعے ہم اس ماہ مبارک کی سعادتیں سمیٹ سکتے ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ صاحب قرآن سے نسبت کے بغیر قرآن فہمی ممکن ہی نہیں۔ دین ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ خواتین کیلئے بھی دینی تعلیم کا حصول اسی طرح ضروری ہے جس طرح دیگر افراد معاشرہ کیلئے ضروری ہے۔ آج ہمیں معاشرے سے برائیوں کے خاتمے اور افراد معاشرہ کی بہترین تربیت کیلئے قرآنی تعلیمات کو عام کرنا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں قرآنی فکر کو عام کرنے کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔

درس قرآن کی تقریب میں نازیہ، صدف نقوی، ندا اشتیاق، صبا صفدر، انعم مصطفیٰ، مسز خالد محمود، مسز جاوید بندیشہ، مسرت عابد، عائشہ سلیم، نتاشہ اقبال، سحرش حبیب، اسما، ماریہ اور دیگر خواتین نے شرکت کی۔

تبصرہ