اسلامی افکار کے مطابق بچوں کی تربیت ماں باپ پر فرض ہے: رہنما منہاج القرآن

بچوں کی کردار سازی کےلئے منہاج القرآن کے ذیلی فورم ایگرز کی تقریب
نور اللہ صدیقی، ڈائریکٹر ایگرز حفصہ بدر، چوہدری مظہر، ثناءاللہ و دیگر کا خطاب

لاہور (10جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلامی افکار کے مطابق بچوں کی تربیت ماں باپ کا دینی فریضہ ہے۔ منہاج القرآن نے 2سال کے بچے سے لے کر 70 سال کے بزرگ کی تعلیم و تربیت اور نظریاتی آبیاری کےلئے مختلف تعلیمی، تربیتی پروگرامز وضع کر رکھے ہیں۔ بچوں کی تربیت کےلئے قائم کیا گیا فورم’’ایگرز‘‘ ان میں سے ایک ہے۔ جو ملک بھر میں کامیابی کے ساتھ بچوں کی تربیتی ورکشاپس منعقد کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے ذیلی فورم ایگرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب ڈمفریز سکول آف ایکسی لینسی احمد آباد اور ایگرز کے مشترکہ تعاون سے منعقد ہوئی۔ 10 روزہ تربیتی سیشن میں کلاس ون سے فائیو تک کے 40 بچوں نے حصہ لیا۔ تربیتی سیشن مکمل کرنے والے بچوں کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حفصہ بدر نے کہا کہ منہاج القرآن اصلاح احوال کی ایک ایسی عالمگیر تحریک ہے جو افراد کی کردار سازی کےلئے علمی، تحقیقی، تربیتی فرائض انجام دے رہی ہے، اگر والدین چاہتے ہیں کہ انکا بچہ خاندان کا فخر اور ملک و ملت کا مفید شہری ثابت ہو تو پھر انکی تربیت کا آغاز اوائل عمری میں کر دینا چاہیے۔ ایگرز اور ڈمفریز سکول آف ایکسی لینس کے تعاون سے منعقدہ سمر کیمپ سے آرگنائزر محمد ثناءاللہ، راحیل احمد جہانگیر، سید اصغر علی شاہ، راؤ عمر فاروق، مرزا غضنفر بیگ، محمد اسلم وٹو، شبیر بابر نے خطاب کیا۔ 10 روزہ سمر کیمپ میں آداب، آرٹ، اسلامک سٹوریز، گیمز، آداب نماز، پیغمبروں کی کہانیوں کے متعلق لیکچرز دئیے گئے اور بچوں کو عملی مشقیں کروائی گئیں۔ کامیاب سمر کیمپ کے انعقاد پر والدین نے ادارہ منہاج القرآن کے ذمہ داران کو مبارکباد دی۔ والدین کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ اور ویڈیو گیمز کے اس دور میں بچوں کو آداب اور اخلاق سکھانا ایک بہت بڑی نیکی ہے اس پر ہم ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ایگرز کی جملہ ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دیتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

تبصرہ