منہاج ویمن لیگ کی سرگودھا، جہلم، دیپالپور، شورکوٹ، راولا کوٹ میں میلاد کانفرنسز

منہاج القرآن ویمن لیگ زیراہتمام سرگودھا میں مرکزی صدر فرح ناز، جہلم میں سینئر رہنما، سکالر عائشہ شبیر، دیپالپور میں مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت، شورکوٹ میں سکالر صائمہ نور اور راولا کوٹ میں سکالر ادیبہ شہزادی نے سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کیا۔

کانفرنسز میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکنان کے علاوہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔ فرح ناز نے سرگودھا میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل تذکرے کو انسانی زندگی میں بڑی اہمیت حاصل ہوتی ہے، جس دل اور دماغ میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا تذکرہ رچ بس جائے گا اسے بصیرت کا نور عطاء ہوتا ہے، بصیرت کا یہ نور اللہ رب العزت کے پسندیدہ بندوں کو حاصل ہوتا ہے۔ سرگودھا کانفرنس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔

سدرہ کرامت نے دیپالپور میں عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری دنیا اور آخرت سنور جائے تو پھر ہمیں اپنے دلوں کو عشق مصطفیﷺ کی دولت سے آباد اور شاد کرنا ہوگا، عشق مصطفوی سے مراد یہ ہے کہ اللہ کے رسول ﷺنے جن چیزوں سے روکا ہم ان چیزوں سے رک جائیں اور جن چیزوں کو اختیار کرنے کا حکم دیا ان پر ثابت قدم رہیں۔ دیپالپور میں سیرت النبی ﷺکانفرنس کے آغاز پر عظیم الشان محفل ذکر ونعت کا اہتمام بھی کیا گیا۔

سکالر اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی رہنما صائمہ نور نے شورکوٹ میں عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس ﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرام کائنات ارضی کے خوش قسمت اور انعام یافتہ پاکیزہ نفوس تھے، ان کی کامیابی کا راز اطاعت مصطفیﷺ تھا، صحابہ کرام رسول اللہ ﷺ کے اشارے پر مر مٹنے کو تیار ہو جاتے تھے، جو بھی کلمہ گو مسلمان نبی برحق کی محبت اور اطاعت سے سرشار ہو گا دین اور دنیا کی کامیابی اس کا مقدر بنے گی۔

سکالر اور سینئر رہنما ادیبہ شہزادی نے راولا کوٹ میں عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی عبادت و بندگی کا ہر وہ طریقہ اور ایمان و تقویٰ کا ہر وہ معیار جو قرب خداوندی کا ذریعہ بن سکتا ہے اس کی قبولیت اور تصدیق بارگاہ نبویﷺسے وابستہ ہے، اس لیے قرآن بار بار اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ آپ ﷺ کی اطاعت درحقیقت اللہ کی اطاعت ہے۔ آپ ﷺ سے محبت اللہ سے محبت کی کسوٹی ہے۔ آپ کی رضا رضائے الٰہی کا مظہر ہے۔ آپ کی عطاء و بخشش ہی اللہ کی عطاء و بخشش کا سبب بنے گی۔انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی نافرمانی اللہ تعالیٰ سے نافرمانی ہے۔ کانفرنسز کے اختتام پر درود و سلام کی محفل سجائی گئی اور ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

تبصرہ