ریاست مدینہ میں خواتین، مزدوروں کمزوروں کو مثالی تحفظ حاصل تھا: انیلا الیاس

منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ دعوت کا سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
کانفرنس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سینکڑوں خواتین شریک ہوئیں

لاہور (26 نومبر 2019 ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ دعوت انیلہ الیاس نے ضلع گجرات کنجاہ میں ’’دہر میں اسم محمد ﷺ سے اجالا کر دے‘‘ کے موضوع پر منعقدہ عظیم الشان سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے سوسائیٹی کے پسے ہوئے طبقات کاخیال رکھا، ریاست مدینہ میں خواتین مزدوروں اور کمزوروں کو حقوق دئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ امہات المومنین اور صحابہ کرام اپنی محبت اور عقیدت کا مرکز و محور حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات اقدس کو سمجھتے تھے، اسی لیے وہ اس دنیا میں بھی کامیاب و کامران اور رول ماڈل ہستیاں تھیں اور آخرت کے لیے بھی اللہ نے انہیں کامیاب ایمان والوں کے سرٹیفکیٹس سے نوازا اور امت محمدیہ کو یہ ترغیب دی کہ ہر وقت اس بات کی اللہ سے دعا کرتے رہیں کہ اے اللہ ہمیں اپنے کامیاب اور انعام یافتہ بندوں کے راستوں پر چلا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کامیاب بندے کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ، نماز، روزہ، زکوۃ، حج، صدقات، خیرات ایمان کی مضبوطی کے لیے خشت اول ہیں، جبکہ کامل اور مستحکم ایمان کے لیے حضور نبی اکرم ﷺ سے دائمی محبت ناگزیر ہے۔ اللہ رب العزت نے بھی ایک مومن اور کامل مسلمان کے لیے اطاعت نبوی کی شرط رکھی ہے، لہٰذا اگر ہم اس دنیا میں اور آخرت کی زندگی میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو ہ میں حضور نبی اکرم ﷺ کی زندگی کے ایک ایک لمحے کو زاد راہ بنانا ہو گا اور ہ میں اپنے 24گھنٹوں کے اعمال اور افعال کا جائزہ لینا ہو گا کہ ہماری زندگیوں میں کریم آقا ﷺ کی تعلیمات کے اثرات کتنے ہیں، انہوں نے کہا کہ جس طرح قرآن مجید دنیا کی وہ واحد الہامی کتاب ہے کہ 14سو سال سے جس کا ایک ایک حرف اپنی تمام تر صداقت کے ساتھ محفوظ و مامون ہے۔ اسی طرح حضور نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کا ہر لمحہ اور زبان مبارک سے نکلا ہوا ہر لفظ بھی اپنی تمام تر صداقت کے ساتھ محفوظ ہے۔

انہوں نے سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں شریک سینکڑوں خواتین کو مبارکباد دی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے پیاروں بندوں اور بندیوں کو دین محمدی ﷺ کی تبلیغ و اشاعت کے لیے منتخب فرماتا ہے۔ یہ سعادت ہر کس و ناکس کو نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا کے گوشے گوشے میں عشق مصطفی ﷺاور تعلیمات مصطفیﷺ کو عام کررہے ہیں۔ انہوں نے والدین کو یہ پیغام دیا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے ایک فرمانبردار اور ذمہ دار شہری بنیں تو پھر آپ انہیں منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن کے دیگر فورمز کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنسز، تربیتی ورکشاپس میں شریک ہونے کی تحریک دیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری آئندہ نسلوں کے لیے تعلیمی، تربیتی، روحانی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

تبصرہ