منہاج القرآن ویمن لیگ کی زونل ناظمہ کے پی کا سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب

منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس میں ہری پور، ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی زونل ناظمہ کے پی کے و ڈائریکٹر منہاجینز فورم ام حبیبہ نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تہذیب یافتہ معاشرہ کی تشکیل کےلئے طلبہ کو سیرت النبی ﷺ کا مضمون پڑھایا جائے۔ خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں اضافہ نبوی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہیں۔

ملک گیر میلاد پلان مہم 2019 کے سلسلہ میں منعقدہ سیرت النبی ﷺکانفرنس میں ام حبیبہ نے کہا کہ یہ سن اور دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے کہ جہالت کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی انسانیت کو علم اور تہذیب کی روشنی دینے والی امت کے بچے اور خواتین غیر محفوظ ہیں ان کے خلاف جرائم کی شرح دیگر طبقات کے مقابلے میں دن بدن بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں ہر سال خواتین کے خلاف سنگین جرائم کے تین ہزار سے زائد کیس رجسٹرڈ ہوتے ہیں، اور رجسٹرڈ نہ ہونے والے کیسز کی تعداد اس سے دو گنا زیادہ ہے، جرم کے خاتمے کے لئے فیصلہ کن کردار ادا کرنے کے ذمہ دار ادارے جرائم کے اعداد و شمار چھپانے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کی بے حرمتی کو فیشن بنا لیا گیا ہے، خواتین کو تیزاب سے جلایا جاتا ہے، ان کے وراثتی حقوق سلب کرنے کے لیے انھیں قتل تک کر دیا جاتا ہے انھیں بزور طاقت مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے سے روکا جاتا ہے اور ان کا استحصال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ رویہ سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات اور نبوی طرز حیات کے برعکس ہے، اسلام نے جس عورت کو عزت و تکریم بخشی اسی اسلام کے پیروکاروں کے ملک میں خواتین کے ساتھ مظالم اخلاقی دیوالیہ پن کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست پاکستان کے ذمہ دار ادارے چاہتے ہیں کہ پاکستان امن اور سکون کا گہوارہ بن جائے تو پھر سکولوں کالجوں میں طلبا و طالبات کو صرف سیرت النبی ﷺ کا مضمون پڑھایا جائے۔ ایک مومن مسلمان کی منزل محض ڈگری یا بڑا عہدہ نہیں بلکہ اعلیٰ اخلاقی اقدار والی قوم کی تشکیل ہے۔ اخلاقیات اور تربیت سے عاری ڈگریاں قوم کو انتشار اور بد امنی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ منہاج القرآن سیرت طیبہ کے اخلاقی، روحانی، تربیتی پیغام کو گلی گلی میں عام کر رہی ہے۔

تبصرہ