لاہور: ایگرز کے زیراہتمام مستحق خاندانوں کے بچوں میں گرم کپڑوں کی تقسیم

منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی ادارے (ایگرز) کے زیراہتمام لاہور کی مقامی کچی آبادی میں غریب و مستحق خاندانوں کے بچوں کو گرم کپڑے اور سویٹر تقسیم کئے گئے۔ ٹاؤن شپ لاہور میں قائم کچی بستیوں میں مقیم غریب اور مستحق بچوں میں گرم کپڑے اور سوئیٹر تقسیم کرنے کے موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے کہا کہ غریب بچوں کی مدد معاشرے کے ہر فرد کی اخلاقی، انسانی اور مذہبی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین ہمیں بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت سمیت ان کی پرورش میں مدد کی ہدایت کرتا ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ منہاج القرآن ویمن لیگ (ایگرز) کے پلیٹ فارم سے پورے ملک میں بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تحت قائم یتیم و بے سہارا بچوں کی کفالت کے ادارے آغوش آرفن کیئر ہوم میں سینکڑوں مستحق تعلیم و تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر(ایگرز) ایمن یوسف، ڈپٹی ڈائریکٹر ام کلثوم اور جویریہ وحید بھی موجود تھیں۔

سدرہ کرامت نے کہا کہ بے سہارا بچوں کےلئے آغوش جیسے عظیم ادارے قائم کرنے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تعلیم دینا اور بے سہارا بچوں کی تربیت کرنا بہترین خدمت ہے۔

ایمن یوسف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور ایگرز کا مقصد’’دوسروں کے کام آنا‘‘ کے شعور کو اجاگر کرنا ہے۔ ایمن یوسف نے کہا کہ ایگرز کے زیر اہتمام مرحلہ وار پنجاب سمیت پورے ملک میں مستحق بچوں کی تعلیم و تربیت کےلئے پروگرام تشکیل دے رہے ہیں۔ چاروں صوبوں میں خدمت انسانیت کی تقریبات بھی مرحلہ وار جاری رہینگی۔ غریب خاندانوں میں گرم کپڑے تقسیم کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی خواتین بچوں میں گھل مل گئیں، خواتین نے بچوں سے نظمیں اور کہانیاں بھی سنیں۔

تبصرہ