منہاج یونیورسٹی کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی سالگرہ تقریبات

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج القرآن و چیئرمین پاکستان عوامی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 56 ویں سالگرہ 19 فروری 2007ء کو دنیا بھر میں منائی گئ۔ اس پُرمسرت موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر دو خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی تقریب منہاج یونیورسٹی بغداد ٹاؤن، ٹاؤن شپ کے نیوکیمپس میں منعقد ہوئی۔ قبل ازیں 19 فروری کی صبح منہاج یونیورسٹی ٹاؤنشپ میں ہونیوالی تقریب کا آغاز صبح 11:00 بجے ہوا۔ اس کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر نذیر احمد رومانی، کرنل (ر) محمد احمد، جی ایم ملک، ساجد محمود بھٹی، محمد عاقل ملک، علامہ غلام ربانی تیمور، پرنسپل کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز ڈاکٹر کرامت اللہ مغل، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، محمد عباس نقشبندی، منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ فرح ناز اور دیگر مرکزی قائدین نے شرکت کی، اس کے علاوہ منہاج یونیورسٹی و کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز، منہاج کالج برائے خواتین، تحفیظ القرآن کالج اور منہاج یونیورسٹی کے مختلف کالجز کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت خوانی کے بعد جی ایم ملک، کرنل (ر) محمد، شیخ زاہد فیاض، ڈاکٹر نذیر احمد رومانی، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، پروفیسر محمد نواز ظفر، ڈاکٹر کرامت اللہ، ساجد محمود بھٹی، فرح ناز اور دیگر مقررین نے شیخ الاسلام کو خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپنے قائد سے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ آج ہم سب کو یہ عہد کرنا ہو گا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ مل کر عالم اسلام میں دین مصطفوی کی سربلندی کے لئے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کے لئے تحدیث نعمت کا دن ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے غلبہ دین حق کی جو جستجو کر رہے ہیں وہ ان شاء اللہ ایک دن مصطفوی انقلاب کا عملی ظہور بن جائے گی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر امورخارجہ شکیل احمد طاہر، شہزاد برادران اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز سے حیدری برادران نے شیخ الاسلام کے لئے خصوصی کلام اور نظمیں پڑھیں۔ اس موقع پر نورالزماں نوری کے ننھے بیٹے اور سات سالہ ننھی بچی نے شعلہ بیان انداز میں مختصر تقریریں کیں۔ جس پر شیخ زاہد فیاض اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے انہیں نقد انعام دیا۔ بعد ازاں نورالزماں نوری کے بیٹے نے شیخ الاسلام کی درازیء عمر کے لئے مخصوص انداز میں دعا بھی کی جس کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔


کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز کی طرف سے محمد وقاص اور دی منہاج کالجز سے محمد جمیل نے شیخ الاسلام کے حوالے سے خصوصی اظہار خیال بھی کیا۔ اس کے علاوہ اس تقریب میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز ففتھ ایئر کے طالب علم حافظ محمد عمیر کو شیخ الاسلام کا خوبصورت ترین کلر پورٹریٹ بنانے پر شیخ زاہد فیاض نے ایک ہزار روپے نقد انعام دیا۔ ان کے علاوہ منہاج ماڈل سکول کے طالبعلم اور منہاج کالج برائے خواتین کی طالبہ کو شیخ الاسلام کا خوبصورت کلر پورٹریٹ بنانے پر نقد انعام دیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر اساتذہ کرام اور مرکزی قائدین نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ آخر میں پروفیسر محمد نواز ظفر نے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ