آج سیدہ زینب کے اسوہ پر چلنے والی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے: فرح ناز

نئی نسل کو مقام اہل بیت کے آداب سیکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے
ذکر اہل بیت نے ساری دنیا کے مسلمانوں کو متحد اور یکجا کیا: صدر منہاج القرآن ویمن لیگ
سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے دنیا کو یزیدی دہشتگردی اور حسینی امن پسندی کا فرق بتا دیا
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام ’سیدہ زینب کے نقوش سیرت اور دعوت فکر‘ عنوان سے منعقدہ فکری نشست خطاب

لاہور (12 مارچ 2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ کوئی زبان اور قلم اس شجاعت و استقامت اور صبر و استقلال کو بیان نہیں کر سکتی جس کا مظاہرہ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے کربلا میں کیا۔ جن مشکلات اور صدمات کو آپ علیہا السلام نے صبر و تحمل سے برداشت کیا اس کی کوئی مثال نہیں۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا اور ذکر اہل بیت نے ساری دنیا کے مسلمانوں کو متحد اور یکجا کیا ہے۔ آج کی عورت عقیلہ بنی ہاشم سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ کی خیرات کے بغیر کامیابی وترقی حاصل نہیں کر سکتی۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے امام حسین علیہ السلام کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا، سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے حق کے لیے وقت کے یزیدوں کو للکارا، سیدنا علی علیہ السلام کی بیٹی نے جراَت و بہادری، صبر واستقامت کا پہاڑ بن کر ظالم اور جابر حکمرانوں کا مقابلہ کیا۔ جب سیدہ زینب سلام اللہ علیہا تنہا رہ گئیں اور ان کے ساتھ اسیروں کا قافلہ تھا جبکہ مقابلے میں ظالم دشمنوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر تھا، سلام پیش کرتے ہیں سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے صبر کو انہوں نے سفاکیت اور بربریت کے دور میں کمال تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کر کے دنیا کو یزیدی دہشتگردی اور حسینی امن پسندی کا فرق بتا دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیدہ زینب علیہا السلام کے نقوش سیرت اور دعوت فکر کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

فرح ناز نے کہا کہ آج سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے اسوہ پر چلنے والی، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے، سیدنا امام حسین علیہ السلام نے سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کو ہر موقع پر اپنے ساتھ رکھا، نئی نسل کو مقام اہل بیت کے آداب سیکھانا پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔ سیدہ زینب سلام اللہ علیہا نے اپنے بیٹوں عون و محمد سلام اللہ علیہا کو کربلا میں قربان کر کے پوری انسانیت کو قربانی و ایثار کا درس دیا۔ فکری نشست سے سدرہ کرامت، انیلہ ڈوگر، عائشہ مبشر، ام حبیبہ نے بھی خطاب کیا، جبکہ اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

تبصرہ