منہاج ویمن لیگ کا پنجاب کریکلم ترمیمی بل کی منظوری کا خیر مقدم

نصابی کتب کی اشاعت کو متحدہ علماء کی منظوری سے مشروط کرنا احسن اقدام ہے: فرح ناز
تاریخی بل پیش کرنے پر ق لیگ کی رکن اسمبلی خدیجہ فاروقی مبارکباد کی مستحق ہے

لاہور (11 جون 2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے قانون میں ترمیم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرصہ دراز سے تعلیمی نصاب میں پاکستان اور اسلام کی آئیڈیالوجی کے خلاف مواد شامل ہورہا تھا اور نکالا جارہا تھا، کوئی غیبی ہاتھ مسلسل مذہبی جذبات سے کھیل رہا تھا، یہ بات باعث اطمینان ہے کہ اس ترمیمی بل کی منظوری سے ختم نبوت اور شان صحابہ کی حفاظت کا معاملہ حل ہو گیا ہے اور کوئی ہمارے بچوں کو اب مسلمہ مذہبی عقائد کے معاملے میں گمراہ نہیں کر سکے گا، دیگر صوبے بھی اس ترمیمی بل کی پیروی کرتے ہوئے اسے اپنے صوبوں کی اسمبلیوں سے منظور کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ اب متحدہ علماء بورڈ کی منظوری کے بغیر کوئی کتاب پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ شائع نہیں کر سکے گا، انہوں نے ترمیمی بل پیش کرنے پر ق لیگ کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی کو مبارکباد دی اور کہا کہ ق لیگ کی رکن صوبائی اسمبلی نے اس ترمیمی بل کی منظوری سے ایک بہت بڑا سنگ میل عبور کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی کیساتھ پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی پوری پارلیمانی پارٹی اور ان کی قیادت اس ترمیمی بل کی حوصلہ افزائی کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے،سپیکر پنجا ب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی بھی اس بل کی منظوری میں خصوصی دلچسپی لینے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔

تبصرہ