مادر ملت فاطمہ جناح کی فکر خواتین کے لیے مشعل راہ ہے: فرح ناز

حصول پاکستان کی جدوجہد میں فاطمہ جناح کی خدمات ناقابل فراموش ہیں
فاطمہ جناح قائد اعظم کی بہن ہونے کے ساتھ ان کی فکری وارث بھی تھیں
محترمہ فاطمہ جناح کے نزدیک خواتین کے بغیر ملکی ترقی نا ممکن تھی : صدر منہاج القرآن ویمن لیگ

لاہور (9 جولائی 2020) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے مادر ملت فاطمہ جناح کی 53 ویں برسی پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آج قوم کی اس عظیم خاتون کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے اقوال و افکار کی پیروی کی جائے اور نہایت دیانت داری اور سچے دل سے وطن عزیز کی خدمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کے نزدیک نہ صرف تحریک پاکستان میں بلکہ قیام پاکستان کے بعد بھی خواتین کے بغیر ترقی نا ممکن تھی اس لئے وہ اکثر کہا کرتی تھیں کہ خواتین پاکستان کو ایک آئیڈیل ریاست بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔ مادر ملت کی فکر خواتین کے لیے مشعل راہ ہے، حصول پاکستان کی جدوجہد میں فاطمہ جناح کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، محترمہ فاطمہ جناح نے جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کیلئے برصغیر کی مسلم خواتین کو بیدار کیا، فاطمہ جناح نے اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سیاسی، سماجی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح کی رہنمائی اور محنت کی بدولت برصغیر میں حصول پاکستان کی جدوجہد مردوں کے ساتھ ساتھ عورتیں بھی سرگرم عمل ہوئیں۔ فاطمہ جناح عالم اسلام کی وہ خوش نصیب خاتون تھیں جنہیں بانی پاکستان قائد اعظم جیسے عظیم بھائی کا ساتھ نصیب ہوا۔ مادر ملت اپنے عظیم بھائی کی تصویر تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح بانی پاکستان کا خیال رکھنے والی شفیق بہن تھیں اور قائد اعظم محمد علی جناح کی سیاسی شریک بھی تھیں۔ فاطمہ جناح نے شب و روز قائداعظم محمد علی جناح کی خدمت کی، یہ خدمت درحقیقت صرف ایک بھائی کی خدمت نہ تھی بلکہ ایک عظیم رہنما کی خدمت تھی۔ فاطمہ جناح جانتی تھیں کہ محمد علی جناح اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو یہ کامیابی امت مسلمہ کی کامیابی ہے۔ قائداعظم عظیم رہنما تھے اور فاطمہ جناح عظیم خاتون رہنما تھیں۔ فرح ناز نے کہا کہ مادر ملت نے پاکستان بنانے کی جدوجہد میں بہت قربانیاں دی ہیں، فاطمہ جناح محمد علی جناح کی بہن ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی فکری وارث بھی تھیں۔ انہوں نے بانی پاکستان کے ساتھ اپنی طویل رفاقت میں برادرانہ محبت، خلوص، تیمارداری اور مشاورت کا حق ادا کیا۔ فاطمہ جناح نے سیاسی خدمات کے ساتھ ساتھ سماجی و فلاحی کاموں کے لیے بھی خود کو وقف کیے رکھا، ان کے پاکستانی قوم پر اس قدر احسانات ہیں کہ شمار نہیں کیے جاسکتے۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے خود فرمایا ’’ میری بہن فاطمہ جناح میرے لیے حوصلہ ہیں ‘‘۔ فرح ناز نے کہا کہ فاطمہ جناح چاہتی تھیں کہ ملک و قوم کی تقدیر اسلامی اصولوں کی روشنی میں مرتب ہو۔ وہ اسلام کی سربلندی کی علمبردار تھیں اور فرمایا کرتی تھیں کہ امت مسلمہ صرف اسلامی اصولوں پر کاربند رہ کر ہی عظمت گم گشتہ حاصل کر سکتی ہے۔

تبصرہ