منہاج القرآن ویمن لیگ نواب شاہ کے زیرِاہتمام ’’شانِ اولیاءکانفرنس‘‘

minhaj women league

منہاج القرآن ویمن لیگ نواب شاہ کے زیراہتمام منعقدہ محفل گیارہویں شریف و شان اولیاء کانفرنس میں محترمہ رخشندہ باجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماں کی بہترین پرورش ہی معاشرے کو ولی کی صحبت سے فیضیاب کرتی ہے، لہذا مائیں اپنے بچوں کو بچپن سے ہی اولیاء کی سیرت اپنانے کی تربیت دیں۔

انہوں نے ’’اولیاء کی عظمت و شان‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مادہ پرستی و فتنہ پروری کے دور میں اپنی نسلوں کو اولیاء کرام کی سیرت سکھانے کی اشد ضرورت ہے۔ ورنہ معاشرےکی بے رحم موجیں انہیں گمراہی کی تاریک راہوں پر لے جائیں گی۔ مائیں اپنے بچوں کی تربیت اس طرح کریں کہ حسنین کریمین و سلفِ صالحین کی مثل دنیا کے لئے مشعلِ راہ اور رشد‌ و ہدایت بنیں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ نواب شاہ کے زیراہتمام 9 دسمبر 2020ء کو ضلعی صدر منہاج ویمن لیگ محترمہ ڈاکٹر نگہت حسن کی رہائشگاہ پر محفل گیارہویں شریف بعنوان ’’ شان اولیاء کانفرنس‘‘ فارسی باغ ہاؤسنگ اسکیم میں منعقد کی گئی۔ شانِ اولیاء کانفرنس میں صدر منہاج ویمن لیگ نواب شاہ ڈاکٹر نگہت حسن، ناظمہ بشری، جنرل سیکریٹری سدرہ، ناظمہ دعوت و تربیت فرزانہ فیصل، شہناز اکرم سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے خواتین ڈاکٹرز، وکلاء، اساتذہ کی اک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس سے پہلے محفلِ پاک کا آغاز بعد نمازِ مغرب تلاوت کلامِ مجید و ترجمۂ عرفان القرآن سے ہوا۔ نواب شاہ کی خوش الحان ثناء خواں بچیوں اور خواتین نے گلہائے عقیدت بحضور سرورِ کائناتﷺ پیش کیے۔ محفل کا اختتام درود و سلام سے ہوا۔ اس موقع پر ملکی ترقی و سلامتی کے لیے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دارزی عمر اور صحت کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں خواتین شرکاء کی ضیافتِ غوثیہ سے تواضع کی گئی۔

رپورٹ(فرزانہ فیصل اکرم)

minhaj women league

minhaj women league

تبصرہ