منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کے زیراہتمام تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کے زیراہتمام جملہ رفقاء و اراکین کیلئے تنظیمی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز، مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت اور نائب ناظمہ ام حبیبہ اسماعیل نے خصوصی شرکت کی۔

ورکشاپ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کراچی کی زونل ہیڈ فوزیہ جنید نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور نئے رفقاء کا تعارف کروایا۔ اس موقع پر صدر منہاج القرآن ویمن کراچی نصرت رانا ڈار بھی موجود تھیں۔

چئیرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ورکشاپ کے شرکاء سے آن لائن اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کا حصہ بننے والی نئے رفقاء کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک ایسا ادارہ ہے جو مثالی گھر کی مانند ہے اور اس گھر کے سربراہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے رفقاء اور اراکین سے ویسی ہی محبت کرتے ہیں جیسے گھر کا سربراہ اپنی اولاد کیلئے فکرمند ہوتا ہے اور وہ انہیں پیش آمدہ مشکلات سے نجات کیلئے بہترین تعلیم و تربیت کیلئے کوشاں رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت لوگ ہیں جنہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا زمانہ اور سنگت و صحبت پائی ہے، مگر ہم صحیح معنوں میں کامیاب نہ ہونگے اگر ہم نے ان کے پیغام کو دوسرے لوگوں اور بالخصوص آئندہ نسلوں تک حقیقی معنوں میں نہ پہنچایا۔

ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ پاکستان سدرہ کرامت نے ویمن لیگ کراچی کی کارکردگی پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی اور ان کے منظم کام کو خوب سراہا۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کا حصہ بننے والی نئی رفقاء کو خوش آمدید کہا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے مصطفوی مشن کا حصہ بننے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ انہوں نے پاکستان کی قومی و ملکی ترقی اور خواتین کے حقوق کی بحالی کیلئے آئندہ لائحۂ عمل پر گفتگو کرتے ہوئے ٹیم میں مختلف ٹارگٹ بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر نئے رفقاء کیلئے حلف برداری کی تقریب بھی ہوئی، صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے دین اسلام کی سربلندی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، خواتین کے حقوق کی ضامن اور خدمت دین کے جذبہ سے سرشار نئے رفقاء سے حلف لیا۔

خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے فرح ناز کا کہنا تھا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نہ صرف موجود پاکستانی قوم بلکہ پوری مسلم امہ کی عروج و بحالی کیلئے سرگرم عمل ہیں، آپ آئندہ آنے والی نسلوں کی آبیاری کا فریضہ بھی سرانجام دے رہے ہیں اور دنیا بھر میں دعوت و تبلیغ دین کا فریضہ بھی بحسن و خوبی نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے میں مثبت تبدیلی اور نسلوں کی تربیت کیلئے سب سے مؤثر ذریعہ ہیں، خواتین کو ملکی و قومی ترقی اور مصطفوی مشن کی کامیابی کیلئے نتیجہ خیز جدوجہد جاری رکھنی ہے۔

تنظیمی تربیتی نشست سے اظہار خیال کرتے ہوئے نائب ناظمہ ام حبیبہ اسماعیل نے عہدیداران اور رفقاء منہاج القرآن کو دعوت پیغام کو مؤثر بنانے اور گھر گھر اس پیغام کو پہنچانے کیلئے کڑی محنت کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ کی کارکردگی کو سہراتے ہوئے مبارکباد بھی پیش کی۔

تبصرہ