ایگرز کلب کے زیراہتمام 3 روزہ ”لبیک اللہم لبیک“ تربیتی سیشن کا آغاز

منہاج القرآن ویمن لیگ کے تحت قائم بچوں کی تعلیم و تربیت کے ادارے ایگرز کلب کے زیراہتمام حج کے بابرکت و مقدس ماہ مبارکہ میں بچوں اور بچیوں کیلئے ”لبیک اللہم لبیک“ کے عنوان سے 14 جولائی تا 16 جولائی تک تین روزہ حج معلوماتی و تربیتی سیشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیشن کا مقصد بچوں کو حج کے حوالے سے معلومات فراہم کرنا اور اسکی اہمیت و فضیلت سے آگاہ کرنا ہے۔ تین روزہ تربیتی سیشن میں بچوں کو حج سے متعلقہ معمولات نبوی ﷺ کے متعلق بتایا جائے گا۔ مسنون دعائیں یاد کروائی جائیں گی۔

منہاج القرآ ن ویمن لیگ کی نائب ناظمہ ام حبیبہ اسماعیل نے تین روزہ تربیتی نشست کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جدید ترین ذرائع ابلاغ کے ماحول میں سانس لے رہے ہیں۔ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم بچوں میں اسلامی شعار کی تعظیم کا شعور پیدا کریں۔ بچوں کو بتائیں کہ یہ حج کا مہینہ ہے اور یہ عازمین حج ہیں جو اپنا گھر، وطن اور اہل و عیال کو چھوڑ کر اللہ کریم کی ندا پر لبیک کہتے ہوئے ارض مقدس پہنچتے ہیں۔

ام حبیبہ نے کہا کہ ایگرز کلب بچوں کو حج سمیت دیگر عبادات و تعلیمات سے روشناس کروانے کیلئے تربیتی پروگرامز ترتیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تین روزہ تربیتی پروگرامز کا مقصد بچوں کو یہ بتانا ہے کہ حج اسلام کی تمام عبادتوں کا مجموعہ ہے۔ ایگرز کلب بچوں کو اخلاقی و اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانے کیلئے کوشاں ہے۔ تعلیم و تربیت کا حقیقی مقصد انسان کو انسانیت سے ہمکنار کرنا ہے تاکہ وہ نا صرف اپنی ذات کیلئے بلکہ دوسروں کیلئے بھی صاحب خیر ہو جائیں۔ اسلامی تعلیمات کا مرکزی محور اخلاق حسنہ ہے۔ آج کے بچے کل کے معمار ہیں انکی اسلامی نہج پرتعلیم و تربیت پر توجہ دینا ہو گی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر فیلڈ اینڈ ٹریننگ ام کلثوم، سعدیہ احمد، انزلہ ملک، شمزہ لطیف، بسمہ امجد، کشف یاسین، بسمہ خالد و ایگر کلب کی دیگر رہنما بھی شریک تھیں۔

تبصرہ