حضرت بلالؓ کی ایمانی استقامت تاریخ کا روشن باب ہے: ڈاکٹر فرح ناز

غلبہ دین کیلئے حضور نبی اکرم ﷺ اور اصحاب رسول ﷺ نے بے مثال قربانیاں دیں
منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر کا شیخوپورہ میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب
کانفرنس میں عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل، منہاج القرآن شیخوپورہ کی صدر آسیہ حمید کی شرکت

Sira al-Nabi Conference in Sheikhupura by MWL

لاہور (30 نومبر 2021ء) منہاج القرآن ویمن لیگ شیخوپورہ کے زیراہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے داستان حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلبہ دین کیلئے حضور نبی اکرم ﷺ اور اصحاب رسول ﷺ نے بے مثال قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیرت حضرت بلال رضی اللہ عنہ وفا، استقامت اور عشق مصطفی ﷺ کا روشن باب ہے۔ حبِ رسول ﷺ اور عشق رسول ﷺ کا تذکرہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ کے ذکر کے بغیر نامکمل رہے گا۔ اس عظیم صحابی رسول ﷺ نے ایمان کی دولت سمیٹنے کے بعد کفار مکہ کے بدترین مظالم، جبر و تشدد، ایذارسانی کا سامنا کیا مگر ان کے ایمان میں ذرہ برابر بھی جنبش نہیں آئی۔ ان کی برداشت اور اسقامت اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی خوشنودی کا ذریعہ بنی۔ آج اسلام کی روشنائی ہم تک ایسے نہیں پہنچی۔ توحید و رسالت کے اس سفر میں طائف کی پرخار وادیاں، شعب ابی طالب کی سختیاں اور سفر و حضر کی تلخیاں آئیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ اور اصحاب رسول ﷺ نے زندگی کے ہر قدم اور ہر سانس کے ساتھ قربانی دی۔

انہوں نے کہا ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم نے حضور نبی اکرم ﷺ کے امتی کے طور پر آنکھ کھولی۔ ہمیں نماز پنجگانہ ادا کرنے کیلئے پابندیاں نہیں سہولتیں دستیاب ہیں۔ اسلام کی تعلیمات کے فروغ اور دعوت و تعلیم کے کام کیلئے ہر طرح کے اسباب میسر ہیں۔ اگر ان تمام سہولیات کے باوجود بھی ہم نے اپنے ایمان کی حفاظت کیلئے کچھ نہ کیا تو پھر ہم سے زیادہ خسارے والا اور کوئی انسان نہیں ہو سکتا۔ تحریک منہاج القرآن خدمت دین اور اصلاح احوال کے اسی شعور کو اجاگر کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔

تقریب میں نائب ناظمہ عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل اور منہاج القرآن ضلع شیخوپورہ کی صدر آسیہ حمید نے خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ