منہاج ویلفیئر سیلاب متاثرہ ہزاروں خاندانوں میں راشن تقسیم کر چکی ہے: عائشہ مبشر

سیلاب متاثرین کو سرد موسم کی سختی سے بچانے کیلئے پیشگی اقدامات کی ضرورت ہے
منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ شعبہ جات نے سندھ میں سیلاب متاثرین میں امدادی اشیا تقسیم کیں

minhaj ul quran women league

لاہور (20 ستمبر 2022ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی ناظمہ شعبہ جات عائشہ مبشر نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ بے گھر بھائیوں اور بہنوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے، یہ وقت مصیبت میں مبتلا پاکستانیوں کی مدد کرنے کا ہے۔ مخیر حضرات سمیت پوری قوم سیلاب سے متاثرہ بچوں کی خوراک کی فراہمی کیلئے آگے بڑھے، لاکھوں سیلاب متاثرہ بچوں کو نشوونما کیلئے دودھ اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں میں سیلاب متاثرہ لاکھوں خاندانوں میں راشن پیک تقسیم کئے جا چکے ہیں، ہمارا ہدف اور مقصد ہر متاثرہ خاندان تک راشن پیک فراہم کرنا ہے۔ سیلاب متاثرین کو خوراک، کمبل، گرم کپڑے، لحاف اورادویات کی ضرورت ہے۔ سردیوں کا موسم قریب ہے اور ضروری ہے کہ سیلاب متاثرین کوسرد موسم کی سختی سے بچانے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکار پور، سیہون شریف، خیرپور، نواب شاہ شہداد پور، ڈگری اور ماتلی کے متاثرین سیلاب میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے کیا، اس موقع پررافعہ عروج ملک زونل ناظمہ کشمیر و ہزارہ منہاج القرآن ویمن لیگ، ڈاکٹر نگہت، نصرت انور، عافیہ طارق و دیگر خواتین رہنما بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

عائشہ مبشر نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے متاثرین سیلاب کیلئے فاضل پور، جام پور، راجن پور، روجھان سمیت سندھ اور بلوچستان میں خیمہ بستیاں قائم کر دی ہیں۔ ان خیمہ بستیوں میں سیلاب متاثرین کو بجلی، پانی، خوراک، سکول، مسجد و دیگر تمام سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن ویمن لیگ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ عائشہ مبشر نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ، عورتیں اور شیر خوار بچے کھلے آسمان کے نیچے پڑے ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں لوگوں کے پاس خوراک، ادویات اور مویشیوں کیلئے چارہ دستیاب نہیں ہے۔ ہم سب کو مل کر متاثرہ ہم وطنوں کی مدد کرنا ہے۔

تبصرہ