
منہاج القرآن ویمن لیگ فیصل آباد اے کے زیرِاہتمام منہاج القرآن اسلامک اکیڈمی میں سالانہ عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا۔ محفلِ ذکرِ اہلِ بیتِ اطہارؓ کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، منہاج نعت کونسل نے بارگاہ رسالت میں نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ محترمہ شائشتہ اشفاق (ناظمہ منہاج ویمن لیگ تحصیل نڑوالا بنگلہ) نے اہل بیت اطہار کی شان میں نہایت عقیدت اور خوبصورت انداز میں منقبت پیش کیں۔
محترمہ روبینہ خاکی (صدر منہاج ویمن لیگ فیصل آباد اے) نے “شانِ اہلِ بیتِ اطہار” کے موضوع پر مفصل گفتگو پیش کی۔ انہوں نے فکرِ حسین کو اجاگر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “حسینؑ ہمارے اندر بھی زندہ رہنا چاہیے” تاکہ ہر دور میں حق و باطل کی تمیز قائم رہے۔ آپ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امام حسینؑ کی ذات پر مختلف ادوار میں ناحق فتوے لگائے گئے، لیکن اس کے باوجود ان کی محبت کے پیروکار اور فکر کے امین ہر دور میں حق بات پر قائم رہے۔ انہوں نے کربلا سے حاصل ہونے والے اسباق کو آج کے دور میں عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔
دین میں نہ اہلِ بیتؑ کو ان کے مقام سے بڑھانا چاہیے اور نہ صحابہ کرامؓ کو ان کے درجے سے کم سمجھنا چاہیے۔ دونوں عظیم ہستیاں رسول اللہ ﷺ کے دامن سے وابستہ ہیں اور ہدایت کا ذریعہ ہیں۔ مزید کہا گیا کہ ہر دور میں ایک “یزیدیت” موجود ہوتی ہے، اور ہر سنسان کے اندر ایک یزید ہوتا ہے۔ اصل پیغام یہ ہے کہ انسان اپنے اندر کی یزیدیت کو پہچان کر حسینی کردار اختیار کرے، چاہے اس کے لیے قربانی ہی کیوں نہ دینی پڑے پروگرام کا مقصد اہلِ بیتِ اطہار کی سیرت اور کربلا کے پیغامِ حق و استقامت کو اجاگر کرنا تھا، جسے شرکاء نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ سنا۔ خواتین کی تعداد تقریباً 700 تھی، پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔





تبصرہ