
منہاج القرآن ویمن لیگ ضلع گجرات میں پانچ روزہ اور ضلع منڈی بہاؤالدین کی چار تحصیلات میں چار روزہ اسلامی و فقہی کورسز کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ تمام مقامات پر پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید، حمدِ باری تعالیٰ اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔یہ تعلیمی سلسلہ ضلع گجرات و منڈی بہاؤالدین کے مختلف مقامات تحصیل کڑیانوالہ، یو سی ٹانڈہ، منڈی بہاؤالدین، ملکوال اور پھالیہ میں جاری رہا۔ کورسز کا مقصد خواتین کو دینِ اسلام کی بنیادی تعلیمات، فقہی رہنمائی اور عملی زندگی میں اسلامی اقدار سے روشناس کرانا تھا۔
محترمہ صائمہ نور (زونل ناظمہ سنٹرل پنجاب) نے احادیثِ مبارکہ، آدابِ زندگی، شخصیت سازی، فنِ خطابت اور ذاتی زندگی میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کے موضوعات پر نہایت مؤثر لیکچرز پیش کیے۔ محترمہ رخسانہ عظمت قادری (ڈویژنل کوآرڈینیٹر ضلع گجرات) نے نماز، روزہ، وضو، غسل اور دیگر فقہی مسائل پر جامع رہنمائی فراہم کی، جبکہ محترمہ انیسہ بشیر (سکالر، منہاج کالج برائے خواتین) نے تجوید، قرآنِ مجید کی درست تلاوت، مخارج و صفات اور قرآنی گرامر کے موضوعات پر تربیتی نشستیں کروائیں۔
مجموعی طور پر 306 خواتین نے شرکت کر کے دین کی بنیادی تعلیمات حاصل کیں، جبکہ 60 خواتین نے رفاقتِ تاحیات اختیار کی۔ متعدد خواتین نے اپنے علاقوں میں مراکزِ علم کلاسز کے آغاز کا عزم کیا۔ مزید برآں ایک تحصیل اور تین یونین کونسلز میں تنظیم سازی عمل میں آئی، جبکہ تین مقامات پر حضرت سیدہ زینب سلام اللہ تعالیٰ علیہا کانفرنسز کا بھی کامیاب انعقاد کیا گیا۔
کورسز کی اختتامی تقریب منڈی بہاؤالدین میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف اضلاع و تحصیلات کی ذمہ داران کی حوصلہ افزائی کے لیے شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ کورس مکمل کرنے والی شرکاء میں اسناد (سرٹیفکیٹس) بھی تقسیم کیے گئے۔ یہ کورسز خواتین کی دینی، فکری اور تنظیمی تربیت کے حوالے سے نہایت کامیاب ثابت ہوئے اور معاشرے میں دینی شعور کے فروغ کی ایک مؤثر کاوش بنے۔







تبصرہ