
منہاج القرآن ویمن لیگ بھکر جنوبی اور بھکر شمالی کی تنظیمی ذمہ داران کے لیے تنظیمِ نو، تنظیم سازی اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانا، ذمہ داران کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنا، دعوتی و تربیتی اہداف سے ہم آہنگ کرنا اور تنظیمی امور میں مؤثر منصوبہ بندی کو فروغ دینا تھا۔ ورکشاپ میں ضلع، تحصیل اور دیگر تنظیمی سطحوں سے تعلق رکھنے والی ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔ تربیتی نشستوں میں تنظیمی استحکام، مراکزِ علم کے قیام و استحکام، افراد سازی، ٹیم ورک، دعوتی حکمتِ عملی، مؤثر ابلاغ، تنظیمی نظم و ضبط، ماہانہ منصوبہ بندی، اہداف کے تعین اور ان کے عملی نفاذ جیسے اہم موضوعات پر جامع رہنمائی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر محترمہ لبنیٰ مشتاق (ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ) نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کے تنظیمی ڈھانچے اور اس کے ذیلی شعبہ جات کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے مقرر کیے جانے والے ماہانہ اہداف، ان کی مؤثر تقسیم، تنظیمی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور ماہانہ میٹنگز کے منظم لائحۂ عمل پر بھی تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ بعد ازاں محترمہ حافظہ سحر عنبرین (ممبر کوآرڈینیشن کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ) نے "مراکزِ علم کے قیام و استحکام" کے موضوع پر خصوصی تربیتی سیشن لیا۔ انہوں نے مراکزِ علم کے فروغ، ان کی مؤثر نگرانی، علمی سرگرمیوں کے تسلسل اور معاشرے میں قرآن فہمی کے فروغ کے حوالے سے عملی نکات اور رہنما اصول بیان کیے، جنہیں شرکاء نے نہایت توجہ اور دلچسپی سے سنا۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حاصل ہونے والی تربیت، رہنمائی اور تنظیمی منصوبہ بندی کو اپنی عملی ذمہ داریوں میں بروئے کار لاتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کے دعوتی، تربیتی اور تنظیمی مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ تنظیمی استحکام، کارکن سازی، مراکزِ علم کے فروغ اور معاشرے میں مثبت، بامقصد اور دیرپا تبدیلی کے لیے اپنی ذمہ داریاں اخلاص، نظم اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں گی۔







تبصرہ