منہاج القرآن ویمن لیگ کوہاٹ کے زیرِاہتمام محفلِ میلادالنبی ﷺ کا انعقاد

Minhaj Women League Kohat Milad Conference 2026

کوہاٹ: منہاج القرآن ویمن لیگ کوہاٹ کے زیرِاہتمام پُروقار محفلِ میلادالنبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا مقصد محبتِ رسول ﷺ کو فروغ دینا، سیرتِ طیبہ ﷺ کے پیغام کو عام کرنا اور خواتین کو دینی و دعوتی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد نعت خواں نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کیے۔ شرکاء نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ محفل میں شرکت کی اور حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔

اس موقع پر محترمہ روبینہ معین، نگران کے پی کے نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر مؤثر اور مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے عشقِ رسول ﷺ، اتباعِ سنت اور اسوۂ حسنہ ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ سیرتِ رسول ﷺ سے حقیقی وابستگی کا تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، معاملات اور معاشرتی رویوں میں آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنائیں۔ محفل کے دوران خواتین کی دینی و تنظیمی تربیت کے ساتھ رفاقت سازی اور ٹیم سازی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر مرکزِ علم کے قیام کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تحقیقی کتب کا تعارف بھی کرایا گیا اور خواتین کو مطالعہ و علم کے فروغ کی جانب راغب کیا گیا۔

محفل کے اختتام پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور امتِ مسلمہ کی سلامتی، استقامت، اتحاد اور فلاح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے محبتِ رسول ﷺ کے پیغام کو عام کرنے اور سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر اپنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Minhaj Women League Kohat Milad Conference 2026

Minhaj Women League Kohat Milad Conference 2026

تبصرہ