حضور نبی اکرمﷺ کے اخلاق مبارکہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں: محترمہ فضہ حسین قادری کا منہاج کالج فار ویمن لاہور میں محفلِ میلاد النبی ﷺ سےخطاب

لاہور: محترمہ فضہ حسین قادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ مبارکہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور محبتِ رسول ﷺ کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ اور اخلاقِ کریمانہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ آپ ﷺ نے انسانیت کو محبت، رحمت، عفو و درگزر، حسنِ سلوک، صبر، برداشت اور احترامِ انسانیت کا درس دیا، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی شخصیت اور معاشرے کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ وہ منہاج کالج فار ویمن لاہور کے زیراہتمام منعقدہ محفلِ میلاد النبی ﷺ سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ مبارکہ کو موضوعِ گفتگو بناتے ہوئے سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
محترمہ فضہ حسین قادری نے کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، اساتذہ اور بڑوں کا احترام، چھوٹوں سے شفقت، دوستوں اور ساتھیوں سے محبت و خلوص اور معاشرے کے دیگر افراد کے ساتھ حسنِ اخلاق، یہ سب تعلیماتِ نبوی ﷺ کا حصہ ہیں۔ ایک مسلمان کی حقیقی خوبصورتی اس کے اخلاق و کردار سے نمایاں ہوتی ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کو محض مطالعے اور گفتگو تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کے اثرات کردار، رویے اور روزمرہ معاملات میں بھی نظر آنے چاہئیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ کو اپنی زندگی میں اپنانا محبتِ رسول ﷺ کے عملی اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔
محفل کے دوران طالبات نے عقیدت و محبت کے ساتھ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، درود و سلام کے نذرانے اور ذکرِ مصطفیٰ ﷺ پیش کیے، جس سے محفل کی فضا روحانی کیفیت سے معمور رہی۔ طالبات نے کالج کے در و دیوار کو بھی نہایت خوبصورت انداز میں سجا کر حضور نبی اکرم ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔ محترمہ فضہ حسین قادری نے بزمِ منہاج، اسلامک سوسائٹی اور تمام طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی بابرکت محافل نوجوان نسل کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کو مزید مضبوط کرنے اور سیرتِ طیبہ سے عملی رہنمائی حاصل کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔
محفل میں محترمہ درہ الزہراء، ڈاکٹر حمیرا ناز، ڈاکٹر یاسمین ظفر، مسز شمع مشتاق، فریدہ سجاد، ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، شمیم خان، حافظہ سحر عنبرین، مسز کرنل (ر) خالد، مسز ڈاکٹر فاروق رانا، مسز ڈاکٹر خرم شہزاد، مسز مسکین فیض الرحمن درانی، مسز نسرین شفیق، ام حبیبہ اسماعیل، کلثوم طارق، ڈاکٹر شازیہ بٹ، ڈاکٹر جویریہ حسن، مسز عارفہ طارق سمیت دیگر معزز مہمانانِ گرامی اور اساتذہ نے شرکت کی۔


















تبصرہ