
حیدرآباد: منہاج القرآن ویمن لیگ کے دو رکنی وفد، محترمہ عائشہ مبشر ممبر کوآرڈینیشن کونسل و زونل ناظمہ سندھ، ہزارہ، خیبر پختونخوا، اور محترمہ رافعہ فاطمہ نائب ناظمہ دعوت و تربیت نے سندھ کے 6 روزہ تنظیمی دورے کے پہلے روز حیدرآباد سائٹ ٹاؤن میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقدہ محفل میلاد النبی ﷺ میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز محترمہ فصیحہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جبکہ حمد باری تعالیٰ کے ذریعے محفل کو روحانی و نورانی کیفیت سے منور کیا گیا۔ محترمہ عائشہ مبشر نے محفل کے شرکاء سے میلاد النبی ﷺ کی حجیت و فضیلت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے سورۃ یونس کی آیت مبارکہ ’’قُلْ بِفَضْلِ اللّٰهِ وَبِرَحْمَتِهٖ فَبِذٰلِكَ فَلْيَفْرَحُوا‘‘ کی روشنی میں حضور نبی اکرم ﷺ کی بعثت کو کائنات کی سب سے بڑی نعمت قرار دیا اور میلاد النبی ﷺ کے جشن و جلوس کو تحدیثِ نعمت کا ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ کے صدقے امتِ محمدی ﷺ کو بعثت و نبوتِ محمدی ﷺ، ہدایتِ آسمانی، وحیِ ربانی اور نزولِ قرآن، ماہِ رمضان، جمعۃ المبارک اور عیدین سمیت بے شمار نعمتیں عطا ہوئیں۔ ان تمام نعمتوں کا اصل موجب ربیع الاول کی وہ بابرکت، نورانی اور مسرت بھری سحر ہے جس میں حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پر خوشی منانا ایمان کی علامت اور آقا کریم ﷺ کے ساتھ قلبی تعلق کا آئینہ دار ہے۔ اپنی گفتگو کے اختتام پر محترمہ عائشہ مبشر نے تحریک منہاج القرآن کو دورِ حاضر میں رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات کی تجدید و ترویج کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے خواتین کو عشقِ رسول ﷺ، اطاعت و اتباع کے منہج کو منہاج القرآن کی سنگت و رفاقت کے ذریعے اپنانے کی دعوت دی۔ انہوں نے خواتین کو اپنے گھروں کو مراکزِ علم اور حلقہ ہائے درود و فکر بنانے کی بھی تلقین کی۔




تبصرہ