
منہاج القرآن ویمن لیگ لاہور کے زیرِاہتمام میلادِ النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد حمدِ باری تعالیٰ، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور درود و سلام کی پرسوز محفل نے حاضرین کے قلوب کو عشقِ مصطفیٰ ﷺ کی کیفیت سے منور کیا۔
کانفرنس کی خصوصی مقررہ محترمہ اُمِّ حبیبہ اسماعیل صاحبہ، اسسٹنٹ پروفیسر منہاج کالج برائے خواتین نے "محبت و ادبِ رسول ﷺ" کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی سیرتِ طیبہ اور مثالی کردار سے ایمان افروز واقعات بیان کرتے ہوئے محبتِ رسول ﷺ، ادبِ مصطفیٰ ﷺ اور اطاعتِ رسول ﷺ کی حقیقی روح کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حضور نبی اکرم ﷺ سے سچی محبت محض جذبات کا نام نہیں بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات، سنتِ مبارکہ اور اسوۂ حسنہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اختیار کرنے کا تقاضا کرتی ہے۔
بعد ازاں محترمہ رابعہ شفق سیکرٹری جنرل مصطفوی سسٹرز پاکستان نے مصطفوی سسٹرز ڈیپارٹمنٹ کا تعارف پیش کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں سلامِ عقیدت پیش کیا گیا اور امتِ مسلمہ کی سربلندی، ملک و ملت کی سلامتی اور محبت و اتباعِ رسول ﷺ کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔






تبصرہ