محبتِ رسولؐ کا تقاضا سیرتِ طیبہؐ کو عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے: سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب
لاہور (26ستمبر2026ء) منہاج کالج فار ویمن میں منعقدہ سیرت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فضہ حسین قادری نے کہا ہے کہ حضور نبی اکرمؐ کے اخلاقِ مبارکہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، محبتِ رسولؐ کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم آپؐ کے اسوۂ حسنہ اور اخلاقِ کریمانہ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ حضور نبی اکرمؐ نے انسانیت کو محبت، رحمت، عفو و درگزر، حسنِ سلوک، صبر، برداشت اور احترامِ انسانیت کا درس دیا، ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی شخصیت اور معاشرے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں حضور نبی اکرمؐ کے اخلاقِ کریمانہ اور سیرتِ طیبہ کے مختلف روشن پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ حضور نبی اکرمؐ کی حیاتِ طیبہ زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، اساتذہ اور بڑوں کا احترام، چھوٹوں سے شفقت، دوستوں اور ساتھیوں سے محبت و خلوص اور معاشرے کے ہر فرد کے ساتھ حسنِ اخلاق تعلیماتِ نبویؐ کا اہم حصہ ہیں۔ ایک مسلمان کی حقیقی خوبصورتی اس کے اخلاق، کردار اور رویے سے نمایاں ہوتی ہے۔
انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ سیرتِ مصطفیٰؐ کو محض مطالعے اور گفتگو تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کے اثرات کردار، رویے اور روزمرہ معاملات میں بھی نظر آنے چاہئیں۔ اخلاقِ مصطفیٰؐ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا محبتِ رسولؐ کے عملی اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تعلیمی اداروں میں ایسی محافل اور تربیتی سرگرمیاں طلباء وطالبات کے دلوں میں محبتِ رسولؐ کو مضبوط کرنے، اخلاقی اقدار کو فروغ دینے اور انہیں بہتر انسان اور ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
محفل کے دوران طالبات نے عقیدت و محبت کے ساتھ نعتِ رسولِ مقبولؐ، درود و سلام اور ذکرِ مصطفیٰؐ پیش کیا۔ محفل کی روحانی کیفیت کو مزید اجاگر کرنے کے لیے کالج کے در و دیوار کو بھی نہایت خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔ فضہ حسین قادری نے بزمِ منہاج، اسلامک سوسائٹی اور طالبات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی بابرکت محافل نوجوان نسل کے دلوں میں محبتِ رسولؐ کو فروغ دینے اور سیرتِ طیبہ سے عملی رہنمائی حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
محفل میں درّہ الزہراء، ڈاکٹر حمیرا ناز، ڈاکٹر یاسمین ظفر، مسز شمع مشتاق، فریدہ سجاد، ڈاکٹر شاہدہ نعمانی، شمیم خان، حافظہ سحر عنبرین، مسز کرنل (ر) خالد، مسز ڈاکٹر فاروق رانا، مسز ڈاکٹر خرم شہزاد، مسز مسکین فیض الرحمن درانی، مسز نسرین شفیق، ام حبیبہ اسماعیل، کلثوم طارق، ڈاکٹر شازیہ بٹ، ڈاکٹر جویریہ حسن سمیت دیگر خواتین ، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔

تبصرہ