اسلام میں بیٹیوں کو باوقار مقام حاصل ہے: لبنیٰ مشتاق

آپ ؐ نے فرمایا فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے،بیٹیوں کے عالمی دن پر بیان

Lubna Mushtqa MWL

لاہور (28 ستمبر 2026ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی سینئر رہنما لبنیٰ مشتاق نے کہا ہے کہ دنیا کے ہر مذہب اور خطے میں بیٹیوں کو عزت و آبرو کے ساتھ دیکھا جاتا ہے، مگر بیٹیوں کو جو عزت سماجی مقام و مرتبہ اسلام نے دیا وہ قابل تحسین ہے۔ آپ ؐ بیٹیوں کے ساتھ بے پناہ محبت فرماتے، ایک موقع پر آپ ؐ نے فرمایا’’ فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے اور جب بھی خاتون جنت تشریف لاتیں آپ ؐ ان کے احترام میں کھڑے ہو جاتے۔ آپ ؐ کا بیٹیوں کے متعلق احترام کا یہ سبق پوری انسانیت کےلئے ہے۔ کسی بھی باپ کا بیٹی کےلئے بہترین تحفہ اسے بیٹوں کی طرح علم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے اور اسلام نے جنسی بنیاد پر ہر قسم کی تفریق سے روکا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں پیغمبر اسلام کی تعلیمات پر فخر ہے کہ آپ ؐ نے بیٹیوں سے متعلق استحصالی سوچ کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔

لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ بیٹیاں اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت، خاندان کی خوشی اور معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ بیٹی کی اچھی تعلیم و تربیت صرف ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری نسل کی تعمیر کا ذریعہ بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے بیٹی کو عزت، احترام اور حقوق عطا کیے اور بیٹی کی پرورش کو باعثِ اجر قرار دیا۔ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بیٹیوں کو محبت اور شفقت کے ساتھ پروان چڑھانے کے ساتھ ساتھ انہیں معیاری تعلیم، دینی و اخلاقی تربیت اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کریں۔ لبنیٰ مشتاق نے کہا کہ موجودہ دور میں بیٹیوں کو جدید تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تبصرہ