
منہاج القرآن ویمن لیگ سنٹرل پنجاب کے زیرِاہتمام جاری ’’آن لائن داعیاتِ مصطفوی مشن کورس‘‘ کے دسویں اور آخری روز علمی، فکری اور تربیتی نشست کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر محترمہ صائمہ نور صاحبہ، زونل ناظمہ سنٹرل پنجاب نے ’’داعیاتِ مصطفوی مشن کا نصاب کیا ہے؟‘‘ کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی۔
محترمہ صائمہ نور صاحبہ نے داعیاتِ مصطفوی مشن کے نصاب کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس کورس کا بنیادی مقصد خواتین کی علمی و فکری تربیت، دعوتِ دین کی صلاحیتوں میں نکھار اور مصطفوی تعلیمات کے فروغ کے لیے ان کی عملی استعداد کو بڑھانا ہے، تاکہ وہ معاشرے میں اصلاح و تربیت کا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
کورس کے آخری روز ایک پُرعزم اور ایمان افروز منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب سیکڑوں شرکاء نے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ داعیاتِ مصطفوی مشن بن کر معاشرے کو مصطفوی معاشرہ بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔ شرکاء نے اس عہد کی تجدید کی کہ وہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کی روشنی میں اپنے کردار و عمل کو سنوارنے، اخلاقی اقدار کے فروغ اور اصلاحِ معاشرہ کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔
اس آن لائن کورس میں مجموعی طور پر 1,400 شرکاء نے شمولیت اختیار کی، جو خواتین میں دینی و فکری تربیت اور مشنِ مصطفوی ﷺ سے وابستگی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ کورس خواتین کو علم، شعور، کردار اور دعوت کے میدان میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنے کی ایک اہم کاوش ہے، تاکہ وہ اپنے گھروں، خاندانوں اور معاشرے میں تعلیماتِ مصطفوی ﷺ کے پیغام کو عام کرتے ہوئے ایک مثالی مصطفوی معاشرے کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
آن لائن داعیاتِ مصطفوی مشن کورس کے دسویں اور آخری روز محترم عبدالستار منہاجین، ڈائریکٹر سوشل میڈیا و منہاج انٹرنیٹ بیورو نے سوشل میڈیا ایتھکس اور تحریکِ منہاج القرآن کے کام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے مثبت، ذمہ دارانہ اور بامقصد استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا دعوتِ دین، فروغِ فکرِ مصطفوی ﷺ اور پیغامِ تحریک کو عام کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ اس پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے اخلاقی اقدار، مستند معلومات، مثبت طرزِگفتگو اور ذمہ دارانہ رویے کو ملحوظِ خاطر رکھنا نہایت ضروری ہے۔
مزید برآں تحریکِ منہاج القرآن کے پیغام کو سوشل میڈیا کے ذریعے مؤثر انداز میں عام کرنے کے لیے بامقصد منصوبہ بندی، معیاری مواد کی تیاری، مؤثر ابلاغ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مثبت استعمال کی اہمیت بھی اجاگر کی۔ انہوں نے اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ ہر کارکن اپنی آن لائن سرگرمیوں کے ذریعے تحریک کے پیغام، اخلاقی اقدار اور فکرِ مصطفوی ﷺ کی ترجمانی کرتا ہے، لہٰذا اس کی تحریر، گفتگو اور طرزِ عمل میں ذمہ داری اور سنجیدگی نمایاں ہونی چاہیے۔
نشست کے دوران اس پہلو کو بھی اجاگر کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر صرف مواد شیئر کرنا کافی نہیں، بلکہ اس کے ذریعے لوگوں کی فکری و اخلاقی تربیت، مثبت معاشرتی تبدیلی اور دعوتِ دین کے مقاصد کے حصول کو پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔ داعیاتِ مصطفوی مشن کے لیے یہ شعور نہایت اہم ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنی دعوتی ذمہ داریوں کی ادائیگی اور پیغامِ مصطفوی ﷺ کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کریں۔















تبصرہ