
منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام معلمات کی ٹریننگ کے لئے سہ روزہ مراکز علم ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کے پہلے دن محترمہ حافظہ سحر عنبرین (ممبر کوآرڈینیشن کونسل) نے حدیثِ مبارکہ کی شرح اور عملی اثرات کے موضوع پر تفصیلی لیکچر دیا انہوں نے حدیثِ مبارکہ ”نَضَّرَ اللّٰهُ عَبْدًا سَمِعَ مَقَالَةً فَحَفِظَهَا وَأَدَّاهَا“ کی شرح و وضاحت کرتے ہوئے علمِ نبوی ﷺ کو محفوظ کرنے، اسے درست طور پر سمجھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔ حدیثِ مبارکہ کا مفہوم بیان کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ علم کی حفاظت اور اس کی امانت دارانہ ترسیل ایک اہم دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے، جس کے ذریعے علم و حکمت کو اگلی نسلوں تک منتقل کیا جا سکتا ہے۔ لیکچر میں حدیثِ مبارکہ کے انفرادی زندگی پر مثبت اثرات کو بیان کرتے ہوئے فکری پختگی، غور و فکر، تحقیق، یادداشت کی بہتری اور علم کو عملی زندگی کا حصہ بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔
اس امر کو واضح کیا گیا کہ حقیقی علم وہ ہے جو انسان کے کردار و عمل میں نمایاں ہو اور اسے اپنی اصلاح کے ساتھ دوسروں کی رہنمائی کے لیے بھی آمادہ کرے۔ مزید برآں، علم کو ذاتی برتری کے بجائے ایک امانت سمجھنے اور اسے اخلاص و خیر خواہی کے ساتھ آگے پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اخلاقی زندگی کے حوالے سے سچائی، امانت داری، عاجزی، تحمل، اخلاص اور قول و فعل میں مطابقت جیسے بنیادی اوصاف کو حدیثِ مبارکہ کی تعلیمات سے جوڑتے ہوئے واضح کیا گیا کہ ہر سنی ہوئی بات کو تحقیق کے بغیر آگے پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔ اسی طرح غیبت، بہتان اور غیر مصدقہ معلومات کی اشاعت سے بچنے، اختلافِ رائے میں برداشت کا مظاہرہ کرنے اور اپنی اصلاح کے لیے آمادگی پیدا کرنے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
خاندانی زندگی پر حدیثِ مبارکہ کے اثرات بیان کرتے ہوئے تربیتِ اولاد، گھریلو ماحول میں احترام و تعاون کے فروغ، باہمی اعتماد کی مضبوطی اور دینی و اخلاقی اقدار کی نسلِ نو تک منتقلی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ والدین، بالخصوص مائیں، اپنی اولاد کی تربیت میں عملی نمونے کے ذریعے اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی طرح گھریلو اختلافات میں سنی سنائی باتوں پر فوری ردِعمل دینے کے بجائے تحقیق، مکالمے اور انصاف سے کام لینا ایک مثبت اور پُرامن خاندانی ماحول کی تشکیل میں معاون ثابت ہوتا ہے۔







تبصرہ