
منہاج القرآن ویمن لیگ گوجرخان کے زیرِاہتمام عشقِ رسول ﷺ، فروغِ سیرتِ طیبہ اور پیغامِ مصطفیٰ ﷺ کے عام کرنے کے عزم کے ساتھ ایک پروقار میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس روح پرور اجتماع میں محبتِ رسول ﷺ ، سیرتِ نبوی ﷺ سے رہنمائی اور تعلیماتِ مصطفیٰ ﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے کے عہد کی تجدید کی گئی۔
پروگرام میں ہیڈ کوآرڈینیشن کونسل منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ لبنیٰ مشتاق صاحبہ اور ممبر کوآرڈینیشن کونسل محترمہ حافظہ سحر عنبرین صاحبہ نے خصوصی شرکت فرمائی۔ محترمہ حافظہ سحر عنبرین صاحبہ نے اپنے خصوصی خطاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ، عظیم الشان اوصافِ مصطفیٰ ﷺ، محبت و اطاعت اور اتباعِ رسول ﷺ کی اہمیت کو نہایت مؤثر انداز میں بیان کیا۔ آپ نے اس امر پر زور دیا کہ سیرتِ رسول ﷺ محض مطالعے اور عقیدت کا موضوع نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، جس کی روشنی میں انفرادی و اجتماعی زندگی کو سنوارا جا سکتا ہے۔
مزید برآں، آپ نے تحریکِ منہاج القرآن کے دعوتی، اصلاحی اور تربیتی پیغام و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے خواتین کو اس مصطفوی مشن کا فعال حصہ بننے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ محترمہ لبنیٰ مشتاق صاحبہ نے اپنے خطاب میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے اغراض و مقاصد، دعوتی و تربیتی سرگرمیوں اور خواتین کی دینی، فکری و اخلاقی تربیت کے لیے جاری جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ آپ نے خواتین کو منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم سے وابستہ ہو کر مصطفوی تعلیمات کے فروغ، اصلاحِ معاشرہ اور نسلِ نو کی تربیت میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی خصوصی دعوت دی۔





تبصرہ